تازہ ترینجرم کہانیخبریںدنیا سے

افغانستان کے صوبہ قندوز کی مسجد میں دھماکا، متعدد افراد جاں بحق

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے تصدیق کی دھماکا صوبہ قندوز کی ایک مسجد میں ہوا جس کے نتیجے میں اہلِ تشیع برادری سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔

افغانستان کے شمال مشرقی صوبے قندوز کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے تصدیق کی دھماکا صوبہ قندوز کی ایک مسجد میں ہوا جس کے نتیجے میں اہلِ تشیع برادری سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ طالبان فورسز کا اسپیشل یونٹ جائے وقوع پر پہنچ گیا ہے اور واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

افغان نشریاتی ادارے خاما پریس کے مطابق افغانستان میں طالبان کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے صوبہ قندوز میں ہونے والا یہ پہلا دھماکا ہے۔

دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی تاہم طالبان کے قبضے کے بعد داعش کی جانب سے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اس سے قبل 3 اکتوبر کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مسجد کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

بم دھماکا کابل کی عیدگاہ مسجد کے دروازے کے قریب ہوا تھا جہاں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی والدہ کا تعزیتی اجلاس ہو رہا تھا۔

Leave a Reply

Back to top button