پاکستانتازہ ترین

مسلم ایٹمی طاقت پاکستان کے دانت نکالنے کی سازش ہو رہی ہے

پی ٹی آئی سینیٹر اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے مسلم ایٹمی طاقت پاکستان کے دانت نکالنے کی سازش ہو رہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کی واحد مسلم ایٹمی طاقت ملک پاکستان کے دانت نکالنے کی سازش ہورہی ہے، پاکستان ڈیفالٹ نہیں ہوگا لیکن لٹکا کر ضرور رکھا جائے گا اور ملک کو ایک دہانے پر لاکر باتیں منوائی جائیں گی، ہم سے اڈے مانگے جائیں گے، اسرائیل کو تسلیم کرایا جائے گا، ہمیں اتنا مجبور کردیا جائے گا کہ چین کیساتھ تعلقات ختم کریں

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ باتیں سمجھ آرہی ہیں تو ان لوگوں کو سمجھ کیوں نہیں آرہیں، اس وقت اسرائیل، امریکا، یورپ، اماراتی الائنس بنے ہوئے ہیں، امریکا کے روس اور چین کے خلاف اتحاد بنے ہوئے ہیں لیکن ہمیں کسی اتحاد کا حصہ بننے کے بجائے خطے پر توجہ دینا اور خطے کے دیگر ممالک سے تعلقات کو بڑھانا چاہیے۔

شوکت ترین نے کہا کہ ڈالرکی قدرکواسٹیٹ بینک ہی استحکام دے سکتا ہے، اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں کمی آتی جا رہی ہے، ڈالر پر مارکیٹ میں سٹہ چل رہا ہے جسے اسٹیٹ بینک نہیں روک رہا، روپے کے مقابلے میں ڈالر کی حقیقی شرح مبادلہ اس وقت 190 روپے ہے، ڈالر مہنگا ہونے پر اسٹیٹ بینک کو کردار ادا کرنا پڑے گا، اسٹیٹ بینک کو دیگر بینکوں کو بٹھا کر لائحہ عمل طے کرنا چاہیے، انہیں اب تک صرف چین سے 2.3 ارب ڈالر رول اوور ہوئے ہیں۔ انہوں نے آتے ہی خطرناک مالی خسارے کا ایسا بلاوجہ شور مچایا کہ سرمایہ کار اور صنعتکار گھبراہٹ کا شکار ہوئے جس کی وجہ سے معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیا، اسٹاک مارکیٹ کریش کرگئی اور ڈالر مہنگا ہوگیا

ان کا کہنا تھا کہ جب بہت سارے ملا ہوتے ہیں تو مرغی حلال کے بجائے حرام ہو جاتی ہے، اسحاق ڈار ہوں یا کوئی اور یہ آپس میں پنگ پانگ کھیلتے رہے اور معیشت بیٹھ گئی، ہم جس طرح معیشت چھوڑ گئے تھے اس پر ڈیفالٹ ہونے کا سوال ہی نہیں تھا، موجودہ حکومت کی نالائقی کی وجہ سے زرمبادلہ ذخائر گر گئے جو اب صرف 9 ارب ڈالر رہ گئے ہیں۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ تین ماہ پہلے ہی متعلقہ حکام کو آگاہ کردیا تھا کہ اسیاسی عدم استحکام معاشی استحکام تباہ کر دیگا، میں نے کہا تھا کہ ایسی طرف نہیں جانا چاہیے جہاں معاشی عدم استحکام ہو، اب بھی کہتا ہوں سب مل کر بیٹھیں اور معاملات کو ٹھیک کریں، الیکشن کا اعلان کیا جائے، آزاد اور غیر جانبدار لوگوں کو لائیں تاکہ مسائل سے نکلنے میں آسانی ہو، نگراں حکومت کیساتھ سب بیٹھنے کو تیار ہوجائیں گے

شوکت ترین نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل دوبارہ 107 ڈالر فی بیرل ہوگیا ہے، موجودہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر 50 روپے لیوی بھی لگانی ہے،17 فیصد سیلز ٹیکس بھی لگے گا، بتائیں آئندہ دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کیسےسستا ہوگا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button