تازہ ترین

کراؤن موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں کمی

کراؤن موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں 15 اکتوبر سے کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

قیمتوں میں کمی کا فیصلہ ڈالر کی قدر میں کمی آنے کے پیش نظر کیا گیا ہے، انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ مہنگی ہونے کے سبب موٹر سائیکلوں کی فروخت میں کمی آرہی ہے جس کو دیکھتے ہوئے قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری نئی قیمتوں کے مطابق کراؤن 70 سی سی جذبہ پلس کی قیمت میں 7 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے جس سے مذکورہ ماڈل کی موٹر سائیکل کی قیمت جو پہلے89 ہزار روپے تھی اب 82 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی۔

اسی طرح کراؤن 100 سی سی کی قیمت میں بھی 6 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے جس سے اس ماڈل کی قیمت 1 لاکھ ایک ہزار روپے سے کم ہوکر 95 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

کراؤن 100 سی سی فائٹر کی قیمت 7 ہزار روپے کم کردی گئی ہے جس سے اس ماڈل کی قیمت ایک لاکھ 9 ہزار روپے سے کم ہوکرایک لاکھ 2 ہزار روپے ہوگئی جب کہ کراؤن 125 سی سی۔ (5گیئر) کی قیمت میں بھی 9 ہزار روپے کمی کی گئی ہے جس سے اس کی قیمت 1 لاکھ 36 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے جو پہلے ایک لاکھ 45 ہزار500 روپے تھی۔

واضح رہے کہ مہنگائی کی وجہ سے موٹر سائیکلوں کی فروخت میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے، پاکستان آٹو مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ جولائی تا ستمبر کے دوران موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی مجموعی فروخت 2لاکھ 93 ہزار 830 رہی جو پچھلے سال کے اس عرصے میں ساڑھے چار لاکھ سے زائد تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button