خبریں

امریکا کا ترکی پرعائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پرعائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹرمپ کی جانب سے یہ اعلان شام کی سرحد پر سیز فائر کے قیام پر خیر مقدم کے طور پر کیا گیا ہے.
امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں خطاب کے دوران کہا کہ ترکی پر عائد پابندیاں ختم کرنےکے لیے امریکی وزیرخزانہ کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ترک حکومت نے امریکی انتظامیہ کو شام میں آپریشن روکنے سے متعلق آگاہ کیا ہے اور یقین دلایا ہے کہ وہ شام میں مستقل طور پر جنگ بندی برقرار رکھے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ترکی کی یقین دہانی پر میں نے امریکی وزیرخزانہ کو ہدایت کی ہے کہ 14 اکتوبر کو ترکی پر لگائی جانے والی پابندیاں ہٹا لی جائیں۔
اس موقع پر امریکی صدر نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی شام میں جنگ بندی کے حوالے سے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ترک صدر ایک محب وطن انسان ہیں اور میرے خیال میں وہ اپنے ملک کے لیے بہترین اقدامات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گذشتہ روز ہی روس اور ترکی کی جانب سے شام میں جنگ بندی کی مدت مزید 150 گھنٹے بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔ اس سے قبل 17 اکتوبر کو امریکی مداخلت پر ترکی نے شمالی شام میں کردوں کیخلاف آپریشن 5 روز کیلئے معطل کیا تھا۔

Leave a Reply

Back to top button