فن اور فنکار

امیتابھ اورجیا بچن کے راستے جدا۔ ۔ ۔ ؟

ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اور جیا بچن کے سابق مشترکہ دوست اور سیاسی رہنما امر سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ بگ بی اور ان کی اہلیہ اختلافات کے باعث الگ الگ گھر میں رہ رہے ہیں۔

بالی ووڈ کے میگا اسٹارامیتابھ بچن اور لازوال اداکارہ جیا بچن کی شادی کو 44  برس ہوچکے ہیں اور اس پوری ازدواجی زندگی میں دونوں کے درمیان کئی ایسے موڑ آئے جب شادی کا بندھن کسی بھی وقت ٹوٹ سکتا تھا لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ جیا بچن اس وقت سے بگ بی کا ساتھ نبھا رہی ہیں جب وہ ایک سپراسٹاراورامیتابھ بچن فلاپ ہیرو تھے لیکن اب یہ ساتھ رسمی تعلق تک ہی محدود ہوکررہ گیا ہے، کبھی میاں بیوی میں جھگڑوں کی خبریں شہ سرخیاں بنتی ہیں تو کبھی جیا اورایشوریہ کے درمیان روایتی ساس بہوکی کہانیاں ماحول کو گرم رکھتی ہیں لیکن ان کے خاندان کے سابق دوست اورسیاسی رہنما امرسنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ امیتابھ بچن اور جیا کے درمیان اختلافات اس قدر شدید ہوگئے ہیں کہ وہ دونوں الگ الگ گھر میں رہتے ہیں۔ امیتابھ بچن “پرتکشا” میں جب کہ جیا “جنک” میں رہتی ہیں۔

اپنے ایک انٹرویو میں امرسنگھ نے نا صرف ان کے الگ الگ رہنے کا انکشاف کیا بلکہ انہوں نے جیا بچن اوران کی بہو ایشوریا رائے کے درمیان تلخ تعلقات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں آپس میں ایک دوسرے سے ٹھیک سے بات بھی نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا ملک میں کسی بھی لڑائی کا الزام مجھ پر ڈالا جاتا ہے لیکن میں اس خاندان میں پڑنے والی دراڑوں کے پیچھے نہیں ہوں۔

امرسنگھ سے جب بچن خاندان اوران کی دوستی کے حوالے سے پوچھا گیا توان کا کہنا تھا کہ میں متوسط  خاندان سے تعلق رکھنے والا شخص ہوں، میں اپنے ساتھ مزید بچن خاندان کا نام جوڑنا نہیں چاہتا کیونکہ اس سے میری بے عزتی ہوتی ہے، مجھے اب سکون سے اور بچن نام کے بغیر ہی زندگی گزارنی ہے۔

امر سنگھ کی جانب سے دونوں اداکاروں کے حوالے سے کیے گئے انکشافات کے بعد بچن خاندان کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے  نہیں آیا۔

Leave a Reply

Back to top button