فن اور فنکار

امید ہے فلم ’سچ‘میں شائقین کی امیدوں پر پورا اتروں گا: اداکار اسد زمان

ویب ڈیسک: فلم ’سچ‘ کے مرکزی اداکار اسد زمان نے کہا ہے کہ فلم کا تجربہ بہت اچھا رہا، اس کی اسٹوری منفرد ہے، امید ہے شائقین کی امیدوں پر پورا اتروں گا۔
اسد زمان کا حال ہی میں مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’سچ‘ کی کہانی منفرد ہے جس میں اچھے طریقے سے اداکاری کرکے کردار نبھانے کی کوشش کی ہے.
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق اسد زمان نے کہا کہ میرا کردار ایک مہذب لڑکے کا ہے جو کہ اپنے خاندان کے مختلف معاملات اور مسائل کا سامنا کر رہا ہوتا ہے جو گردش دوراں سے بخوبی نبرد آزما ہے جسے محبت ہو جاتی ہے اور فلم کی کہانی میں سسپنس آ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلم میں تمام کاسٹ کے ساتھ ہماری کیمسٹری تمام شائقین کو بہت پسند آئے گی، پاکستانی شائقین کو ایک نئی طرح کی فلم پہلی دفعہ دیکھنے کو ملے گی۔
یاد رہے ہم فلمز کے اشتراک سے بننے والی فلم اسکاٹ لینڈ کے خوبصورت مقامات پر فلمائی گئی ہے. فلم میں علیزے شیخ کو متعارف کرایا گیا ہے جن کے مقابل اسد زمان خان جلوہ گر ہوں گے جب کہ کاسٹ میں جاوید شیخ، مرینہ خان اور دیگر شامل ہیں۔
فلم ’سچ‘ کے ڈائیلاگ حسینہ معین نے لکھے ہیں جب کہ میوزک وقار علی نے ترتیب دیا ہے۔ راحت فتح علی خان کی آواز میں گانے نے فلم کی شان کو چار چاند لگا دیے ہیں.
ذوالفقارشیخ کی ڈائریکشن میں بننے والی یہ فلم 20 دسمبر کو ملک بھر کے سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

Leave a Reply

Back to top button