سپورٹس

انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام کویت کے جشنِ آزادی کے موقع پر کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد

کویت کے یوم آزادی اور یوم تحریر کی مناسبت سے انصاف ویلفیئر سوسایٹی کے انصاف سپورٹس ونگ اور انصاف یوتھ ونگ نے کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کیا جس میں کویت میں پاکستانی کرکٹ کی دس (10) ٹیموں نے حصہ لیا جن میں الغازی الیون، کراچی کنگز، اے پی ڈی الیون، بلڈ پاکستان، سٹاکو خلیجیہ الیون، کلیم برادرز، منڈی الیون، کویت انرجی، آئی کے انٹرٹینمنٹ، اور خان الیون کے نام شامل ہیں ٹورنامنٹ کے میچز 24 فروری اور 25 فروری کو منعقد کئے گئے، اس ٹورنامنٹ میں کسی ٹیم سے کوئی انٹری فیس نہیں لی گئی اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر میچ کے لیے مین آف دی میچ ایوارڈ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ مورخہ 26 فروری کو جلیب الشیویخ حال میں بعد از نماز مغرب تقریب تقسیمِ انعامات منعقد کی گئی جس میں ویلفیئر اتاشی سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب ڈاکٹر عمر جاوید نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور ان کے علاوہ کویت میں فعال تنظیموں کے صدور، میڈیا کے افراد، مختلف کاروباری و سماجی شخصیات،اور کرکٹ ٹیموں کے کپتانوں اور کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور دیگر پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری جناب سید صداقت علی ترمذی صاحب نے کی، تلاوت قران حکیم کی سعادت جناب حسن شہزاد ا بٹ ور نعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سعادت جناب عبدالراوف بھٹی صاحب نے حاصل کی مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے انصاف ویلفئیر سوسائٹی کے نائب صدر جناب شہزاد الرحمان بٹ صاحب تشریف لائے اور نہایت خوبصورت الفاظ میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا، تقسیم انعامات کا سلسلہ شروع ہوا تو سب سے پہلے تحریک انصاف کے جانباز اور محنتی کارکنان کو انتظامیہ کی طرف سے اعزازی شیلڈز دی گئیں ٹورنامنٹ میں شبانہ روز محنت کرنے اور انتظامی امور کو بہترین طریقے سے سر انجام دینے پر جناب لیاقت علی بٹ صاحب اور جناب محمد حسیب خان صاحب کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا اور انتظامیہ کی طرف سے ان کی خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا تقریب میں کویت کے ملی نغمے بھی پیش کئے گئے اور ہال میں موجود حاضرین نے کویتی پرچم لہرا کر کویت سے اپنی محبتوں کا اظہار کیا۔ اسی دوران کویت میں مقیم نامور گلوکار جناب زاگر انور حسین اور انصاف ویلفئیر سوسایٹی کے نائب صدر جناب شہزاد الرحمان بٹ صاحب نے ملی نغمہ بھی پیش کیے جسے سن کر حاضرین مجلس بہت محظوظ ہوتے رہے اور کویتی پرچم لہراتے رہے۔ انصاف شوشل ویلفئیر ونگ کے آرگنائزر جناب ریاض انجم صاحب نے اپنے مختصر خطاب میں فرمایا کہ نوجوان نسل کی بہترین جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے کھیلوں کا انعقاد از حد ضروری ہے اسی لیے پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختون خواہ میں تحصیل لیول پر اسپورٹس کمپلیکس بنا کر نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ابھارنے کی سعی کی ہے صحت مند افراد ہی صحت مند معاشرہ تخلیق کر سکتے ہیں، اگر پاکستان میں با صلاحیت پاکستانیوں کی مناسب حوصلہ افزائی کی جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستانی کسی بھی میدان میں پیچھے رہ جائیں۔ہر میچ کے مین آف دی میچ کی حوصلہ افزائی کے لیے کھلاڑیوں کو ٹرافیوں سے نوازا گیا، فائنل میچ کا مین آف دی میچ ایوارڈ اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ایوارڈ، ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز کا ایوارڈ فاتح ٹیم کلیم برادرز کے کھلاڑی عدنان ادریس نے حاصل کئے، اور ٹورنامنٹ کے بہترین بولر کا ایوارڈ رنر اپ ٹیم منڈی الیون کے کھلاڑی غضنفر کو دیا گیا تقریب کے مہمان خصوصی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب ڈاکٹر عمر جاوید صاحب، انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے صدر اخلاق احمد ملک، اور نائب صدر محمد شہزاد الرحمن بٹ نے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کلیم برادرز اور رنر اپ ٹیم منڈی الیون کو میڈلز سے نوازا۔ رنراپ ٹیم کو دوسری پوزیشن لینے پر ٹرافی بھی دی گئی اور فاتح ٹیم کے ہرر کھلاڑی کو بھی میڈلز دیے گئے اور ونر آخر میں فاتخ ٹیم کو ونر ٹرافی سے نوازا گیا۔ مہمانوں کی پر تکلف ضیافت سے تواضع کی گئی۔ فاتح ٹیم نے جی بھر کر جیت کا جشن منایا اور حاضرین مجلس نے ان کی حوصلہ افزائی کے لیے خوب داد دی۔

Leave a Reply

Back to top button