تازہ تریندنیا

غزہ جنگ عالمی سلامتی کیلئے خطرہ، لبنان، شام، عراق اور یمن تک پہنچ چکی، اقوام متحدہ سربراہ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ سے عالمی سلامتی کو خطرہ ہے ، جنگ پہلے ہی مقبوضہ مغربی کنارے، لبنان، شام، عراق اور یمن تک پہنچ چکی ہے، اسرائیلی بمباری میں 300 سے زائد شہید، مقبوضہ مغربی کنارے میں بچے سمیت 6 نوجوان شہید ہوگئے۔

حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی قید فوجی کو چھڑانے کی کوشش ناکام بنادی، اس دوران اسرائیلی بمباری میں ایک قید اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا۔

بغداد میں امریکی سفارتخانے پر راکٹ حملے، شام پر اسرائیلی حملے میں 4افراد شہید ہوگئے۔

ادھر امریکا نے اجلاس کے دوران غزہ میں فوری جنگ بندی کی مخالفت کرتے ہوئے قرارداد ویٹو کردی۔

صیہونی فوج نے اس ناکام حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے دوفوجیوں کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

حماس کا کہنا ہے کہ بمباری کے دوران متعدد قیدی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، اسرائیلی فوج نے غزہ میں جاری زمینی جنگ کے دوران اپنے مزید 4 فوجیوں کے ہلاک ہونے کی بھی تصدیق کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا کہ جنگ سے عالمی سلامتی کو شدید خطرہ ہے ،انہوں نے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ غزہ کے شہریوں کو اجتماعی سزا نہیں دی جاسکتی۔

اسرائیلی مندوب نے اقوام متحدہ پر دہرے معیار کا الزام عائد کردیا ہے، انہوں نے سیکرٹری جنرل کی جانب سے غزہ جنگ رکوانے کیلئے آرٹیکل 99 کے استعمال پر تنقید کی ہے۔

اقوام متحدہ میں قطری مندوب عالیہ احمد سیف الثانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیل شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کیخلاف جاری جارحیت پر قانونی مجرم ہے، انہوں نے عرب ممالک کی طرف سے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ پیش کیا۔

دوسری جانب غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں مزید 300 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، شہداء کی مجموعی تعداد 17500ہوگئی۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے کہا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کے جواب میں تل ابیب سمیت کئی اسرائیلی شہروں پر راکٹ حملے کئے ہیں، القسام نے خان یونس، شیخ رضوان اور زیتون شہر میں اسرائیلی فوج کی 9 گاڑیاں تباہ کرنے کا بھی بتایا ہے۔

شام کے شہر قنطیرہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 4 افراد شہید ہوگئے ہیں، اسرائیلی افواج کے مطابق یہ چاروں ایران کے حمایت یافتہ جنگجو تھے، اسرائیلی افواج نے لبنان میں فوجی اسپتال پر بمباری کی ہے تاہم لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

عراق میں امریکی مشن نے کہا ہے کہ جمعے کو بغداد کے سخت سکیورٹی والے گرین زون میں امریکی سفارت خانے پر راکٹوں سے حملہ کیا ہوا ہے، حملے میں عمارت کو معمولی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button