تازہ ترینسیاسیات

ن لیگ ہمیشہ دھاندلی سے اقتدار میں آئی، شرجیل میمن

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنجاب میں پی پی کامیابی حاصل کرے گی۔ آج تک کبھی شفاف الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو اقتدار نہیں ملا، ن لیگ ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئی۔

بلاول ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ آنے والا سال پیپلز پارٹی کا سال ہوگا۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے بہت کام کیے ہیں، جبر و ظلم برداشت کیے لیکن میدان کبھی نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی قائد کا کام ہوتا ہے کہ وہ ہمیشہ عوام میں رہے، ماضی کی روایتیں سب کے سامنے ہیں۔

اپنی سابقہ حکومت کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایس آئی یو ٹی جیسے رول ماڈل اسپتال موجود ہیں۔ انہوں نے پنجاب میں ایک اسپتال تک نہیں بنایا۔ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کا بھٹہ بیٹھا دیا تھا۔

انکا کہنا تھا کہ سندھ میں برسات کے موقع پر آنے والے ہمیشہ لوٹ جاتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کو صرف الیکشن میں سندھ یاد آتا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد وزیراعظم پیپلز پارٹی کا ہوگا۔

انکا کہنا تھا کہ صفر جمع صفر کا نتیجہ صفر ہی ہوتا ہے۔ اس بار مقابلہ دیہی سندھ کے ساتھ شہری سندھ میں بھی نہیں، آئندہ الیکشن میں مقابلہ سندھ نہیں وسطی پنجاب میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج اسلامی ٹچ کی باتیں کرنے والا کہاں گیا؟ ہم نہیں چاہتے 2024 میں کوئی شخص ملک پر تھوپا جائے۔ نااہل جماعتوں کو عوام مسترد کردیں گے۔ عوام کی رائے کے بعد کوئی نااہل ملک پر نہیں تھوپا جائے گا۔

انکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ملک میں تاریخی کام کیے ہیں۔ بلاول بھٹو نے ملک کو پہچان دی ہے۔ ہماری جماعت کہتی ہے ہمیں ایڈ نہیں ٹریڈ چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اقتدار میں وہی جماعتیں آئیں گی جو عوام کے درمیان ہوں گی۔ آج تک کبھی شفاف الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو اقتدار نہیں ملا۔ مسلم لیگ (ن)  ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئی۔

انکا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر آگے چلا جائے۔ تقسیم کی بات پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن اور کراچی کی جماعت نے کی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کو جوڑنے کی بات کی ہے۔ اقتدار کی ہوس کےلیے بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سیاست نہیں کی۔ مسلم لیگ (ن) ڈیڑھ سال میں معیشت ٹھیک کرنے میں ناکام ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button