دلچسپ و حیرت انگیز

ایک کیلے کی قیمت ایک کروڑ 80 لاکھ روپے!

ویب ڈیسک: مشہور ہے کہ شوق کی کوئی قیمت نہیں ہوتی، لوگ اپنا شوق پالنے کے لئے کثیر رقم خرچ کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے اور جب بات آتی ہے آرٹ کے شیدائیوں کی تو پھر کئی عجیب وغریب باتیں سننے کو ملتی ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ میامی میں پیش آیا جہاں ایک کیلا خریدنے کے لئے تقریبآ سوا لاکھ ڈالر خرچ کردیے گئے.
میڈیا رپورٹس کے مطابق میامی کی آرٹ بیسل نامی گیلری میں ٹیپ کے ساتھ دیوار پر چسپاں کیا گیا یہ کیلا ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا ہے. یہ رقم پاکستانی روپوں میں ایک کروڑ 80 لاکھ بنتی ہے.
حیران کن بات یہ ہے کہ یہ دکان سے خریدا گیا عام کیلا ہے جسے ایک اطالوی فنکار نے گیلری میں چسپاں کیا تھا.
اطالوی فنکار موریزیو کیٹلان کے ذہن کی اس تخلیق کو ’کامیڈین‘ کا نام دیا گیا تھا۔ موریزیو کیٹلان کا کہا تھا ایک جانب تو کیلا ہماری روزمرہ زندگی میں شامل ہے، عالمی طور پر تجارت کا حصہ بھی ہے اور پھر کیلے کے چھلکے سے پھسلنے جیسے لطائف بھی معاشرے میں عام پائے جاتے ہیں۔
مذکورہ فنکار پہلے کانسی اور دیگر دھاتوں سے کیلا بنانا چاہتے تھے لیکن اس میں کامیابی نہیں ملی اور اس کے بعد انہوں نے ایک دکان سے تین کیلے خریدے اور انہیں آرٹ گیلری میں ٹیپ سے چپکا دیا۔ ایک کیلا ایک خاتون نے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے میں خریدا اور دوسرا ایک مرد نے اتنی ہی قیمت میں خرید لیا۔ لیکن توقع ہے کہ تیسرا کیلا اس سے بھی مہنگا فروخت ہو گا جس کی قیمت ڈیڑھ لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے۔
آرٹ بیسل گیلری کے مالک ایمانویل پیروٹِن نے کہا کہ انہیں اس کی توقع نہیں تھی اور ان کے خیال میں یہ ایک معجزہ ہے۔
آرٹ گیلری کے مطابق موریزیو کیٹلان اپنے ہمراہ کیلا رکھتے ہیں اور اسے ہوٹل کی دیوار پر لٹکائے رکھتے ہیں تاکہ وہ اس سے مثبت طور پر متاثر ہوسکیں۔ فن اور آرٹ کے ناقدین کے مطابق یہ فن پارہ اس وجہ سے انتہائی مہنگے داموں فروخت ہوا ہے کیونکہ موریزیو خود ایک بہت بڑے اور مشہور فن کار ہیں۔

Leave a Reply

Back to top button