خبریںپاکستان سے

بحرین کا اعلیٰ ترین شیخ عیسیٰ ایوارڈ عبدالستار ایدھی کے نام

ویب ڈیسک: دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے زندگی وقف کر دینے والے عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے بحرین نے انہیں اپنا اعلیٰ ترین شیخ عیسیٰ ایوارڈ دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نجی سطح پر ایمبولینس سروسز کا دنیا میں سب سے بڑا بیڑا تیار کرنے والے عبدالستار ایدھی کا ایوارڈ بلقیس ایدھی اور ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے وصول کیا۔
ایوارڈ دینے کی تقریب بحرین میں منعقد ہوئی جس میں بادشاہ کی جانب سے مرحوم عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں ایک ملین امریکی ڈالرز کی رقم بھی دی گئی۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے کہا کہ بحرین کا سب سے اعلیٰ ایوارڈ پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی پاکستانی شخصیت کو دیا گیا ہے۔
اپریل 2019 میں سب سے پہلے یہ بات سامنے آئی تھی کہ بحرین کا سب سے بڑا ایوارڈ شیخ عیسیٰ ایوارڈ 2019 مرحوم عبدالستار ایدھی کو دیا جائے گا۔ یہ ایوارڈ بنیادی طور پر پوری دنیا میں بہترین فاؤنڈیشن یا این جی او کا انتخاب کر کے دیا جاتا ہے۔
عبدالستار ایدھی 1928 میں پیدا ہوئے اور آٹھ جولائی 2016 کو دار فانی سے کوچ کر گئے۔ انہوں نے امدادی سرگرمیوں کی ابتدا محتاج و بیمار افراد کے لیے ایک خیراتی دواخانے سے کی تھی۔

Leave a Reply

Back to top button