تازہ ترینخبریںدنیا سے

بلااجازت عمرہ کی کوشش پر اب ہوگا جرمانہ

مقدس شہر مکہ مکرمہ کی حدود میں بغیر اجازت کے داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں پربھی 266 ڈالر (1000 ریال) جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

سعودی عرب نے بلااجازت عمرہ ادا کرنے کی کوشش کرنے والے افراد پر2666 ڈالر (10 ہزار ریال) جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی قومی سلامتی ٹیم نے ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ مقدس شہر مکہ مکرمہ کی حدود میں بغیر اجازت کے داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں پربھی 266 ڈالر (1000 ریال) جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

قومی سلامتی کے ادارے نے بتایا کہ نئے جرمانے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مملکت کے احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کا حصہ ہیں۔ ان کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ عمرے کے دوران میں تمام تدابیر اور احتیاطی قوانین پرعمل کیا جائے۔

اسلام کے مقدس ترین شہر میں عمرہ کے لیے جانے کے خواہش مند افراد کو مسجد حرام میں داخل ہونے کا اجازت نامہ بھی حاصل کرنا ہوگا۔ یہ اجازت نامہ سعودی عرب کی کووِڈ-19 کی ٹریکنگ ایپس توکلنا اور اعتمرنا کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

سعودی عرب کی وزارتِ حج وعمرہ نے 9 ستمبر سے روزانہ 70 ہزار افراد کو عمرے کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔

وزارت نے بدھ کے روز ایک ٹویٹ میں احتیاطی تدابیرپر عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ مجاز حکام کے ساتھ مل کر روزانہ عمرہ کرنے والے عازمین کی گنجائش 70 ہزار تک بڑھائی جا رہی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے 9 اگست سے مختلف ممالک سے بتدریج عمرہ کی درخواستوں کی وصولی شروع کردی تھی۔ نیز وزارتِ حج وعمرہ بتدریج ماہانہ 20 لاکھ تک عازمین کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دینے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

وزارت نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ 12سے 18 سال کی عمر کے زائرین کو گھریلوعمرہ پرمٹ جاری کیا جائے گا لیکن اس کی شرط یہ ہے کہ انھوں نے کووِڈ-19 کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا رکھی ہوں۔

Leave a Reply

Back to top button