خبریںپاکستان سے

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب پرتنقید کے نشتر چلا دیئے

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ایک سال میں متعدد منصوبے مکمل کیے جن میں 7 منصوبوں کا آج کراچی میں افتتاح کیا گیا. انہوں نے کراچی میں 2 انڈرپاسز، 2 فلائی اوورز اور 3 سڑکوں کے میگا پروجیکٹس کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پنجاب میں اپنے وسیم اکرم پلس اور شیرشاہ سوری سے پوچھیں ایک سال میں کتنے منصوبوں کا افتتاح کیا؟ لاہور میں کتنے انڈرپاسزاور فلائی اوورز بنائے؟
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آپ نے خیبر پختونخوا میں کتنے ہسپتال بنائے؟ جن میگا منصوبوں کا افتتاح کیا گیا وہ صرف سڑکیں نہیں ہیں بلکہ ان منصوبوں کی تکمیل کے دوران ہزاروں افراد کو روزگار بھی ملا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کو ریلیف دیا، سلیکٹڈ وزیراعظم نے معیشت کو تباہ کر دیا، پاکستان میں طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور ہم عوامی حکومت بنا کر رہیں گے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں پنجاب کی وزیراطلاعات کا قلمندان دوبارہ سنبھالنے والے فیاض الحسن چوہان نے کچھ روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو شیرشاہ سوری قرار دیا تھا۔

Leave a Reply

Back to top button