پاکستانتازہ ترین

مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی سی پی این ای وفد سے ملاقات

مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر کے معاملے پر ہمارا نظام ایکسپوز کیا گیا۔

سول ملٹری تعلقات اور معاملات اب خفیہ نہیں رہے۔ عمران خان کو گولیاں لگیں لیکن وہ میدان میں ہیں دوسری طرف جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ والے ملک سے بھاگ جاتے ہیں۔

عمران خان ہمارے حوصلے کا باعث ہیں۔ فرینڈلی اپوزیشن نے ملک کا ستیاناس کیا۔ سپریم کورٹ مداخلت نہ کرتی تو ایف آئی آر چار دن بعد بھی درج نہ ہوتی۔ اندراج میں تاخیر کی وجہ نامزد افراد تھے، مدعی کو آئینی حق ہے کہ وہ کسی کو بھی نامزد کرے لیکن اِس معاملے میں آئینی حق سلب کیاگیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نجی ہوٹل میں کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے وفد سے ناشتے کی میز پر کیا۔ ترجمان حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ، ڈی جی پی آر راؤ پرویز اختر، سیکرٹری انفارمیشن آصف بلال لودھی، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن نازیہ جبیں اور سیکرٹری محبوب عالم بھی اس موقعے پر موجود تھے۔

صدر سی پی این ای کاظم خان اور سیکرٹری جنرل عامر محمود نے پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل بارہا یقین دہانیوں کے باوجود تاحال زیر التوا رہنے پر روشنی ڈالی تو مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ چیئرمین عمران خان برملا تسلیم کرتے ہیں کہ تحریک انصاف کی جدوجہد میں میڈیا کا اہم کردار تھا اور ہم نے اِس جدوجہد میں میڈیا کو اپنی ٹیم سمجھا اِس لیے جب ہمیں اقتدار ملا تو ہر ممکن کوشش کی کہ میڈیا انڈسٹری کے مسائل کو جلد ازجلد دور کیا جائے

پہلے بھی ہم میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے تھے اور مسائل دور کرتے رہے ہیں اب بھی آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کریں گے جن میں ڈیجٹل میڈیا اور اشتہارات کی تقسیم کی پالیسی قابل ذکر ہے۔ ان شا اللہ آپ کی مشاورت سے معاملات کو حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم صوبے میں اقتدار سے علیحدہ ہورہے ہیں لیکن مجھے یقین ہے کہ جی ڈی پی آر، سیکرٹری انفارمیشن اور دیگر افسران اِن مسائل کو جلد حل کرنے کی کوشش کریں گے جن کا ابھی ذکر کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں دوبارہ اقتدار دیا تو معاملات کو مزید سہل اور آسان بنائیں گے۔

ترجمان حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، ہم نے ہمیشہ میڈیا کی آزادی کیلئے کام کیا ہے اور آئندہ بھی میڈیا انڈسٹری کے لیے آسانیاں پیدا کرنے پر یقین رکھتے ہیں،کیونکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی میڈیا فرینڈلی ہیں اِس لیے ہم نے ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر اِس انڈسٹری کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ ناشتے کی میز پر سی پی این ای کے ارکان نے میڈیا کو درپیش مسائل سمیت ملکی سیاسی صورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button