تازہ ترینخبریںپاکستان سےکاروبار

تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت

پاکستان کی سب سے بڑی تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنی OGDCL نے کے پی میں لکی مروت کے قریب ولی بلاک میں یہ ذخائر دریافت کیے ہیں۔

قدرت نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے۔

دریا، پہاڑ، سمندر، صحرا،زر خیز زمین اور چاروں موسم، یہ وہ اجزائے ترکیبی ہیں جواگرکسی ملک کے پاس ہوں تو اُس کے باسیوں کو خوش قسمت تصور کیا جاتا ہے کیونکہ اِن عناصر کی موجودگی میں معیشت خود انحصاری کی راہ پر چل پڑتی ہے اور عوام معاشی طور پر خوشحال رہتے ہیں۔

خوش قسمتی سے پاکستان اِن قدرتی وسائل میں سے بیشتر سے مالا مال ہے ۔اِس ضمن میں مزید خوش آئند خبر یہ ہے کہ خیبر پختونخوا میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر دریافت کرلیے گئے ہیں۔

پاکستان کی سب سے بڑی تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنی OGDCL نے کے پی میں لکی مروت کے قریب ولی بلاک میں یہ ذخائر دریافت کیے ہیں۔

وزارت ِ توانائی کے معتبر ذرائع کا اِن ذخائر کے حوالے سے کہنا ہے کہ اِن ذخائر کی دریافت کا اندازہ گزشتہ ایک دہائی میں سب سے بڑا قرار دیا جا رہا ہے۔

اِن ذخائر کو ناشپا فیلڈ میں پائے جانے والے ذخائر کے مساوی یا اُس سے بھی زیادہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ناشپا کے ذخائر 95 ایم ایم بی او ای ( تیل کے مساوی ملین بیرلز) کے برابر ہیں۔ ایک بار ولی بلاک کم از کم 9سے10 کنوؤں کے ساتھ تیار ہوجائے تب ملک اِن ذخائر سے 100سے150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل کر سکے گا۔

جولائی2021میں بھی لکی مروت سے ہی تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کیے گئے تھے۔

ہم خوش قسمت ہیں کہ نہ صرف سندھ اور بلوچستان بلکہ کے پی میں بھی تیل اور گیس کے بڑے ذخائر موجود ہیں جن کے صحیح استعمال سے ہم نہ صرف ملک میں تیل اور گیس کی طلب اور رسد میں موجود فرق کو ختم کر کے اپنی انڈسٹری کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں بلکہ اِن کو مناسب طریقے سے بروئے کار لاکر ملک کی معاشی ترقی بھی ممکن بنائی جاسکتی ہے اور نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کئے جا سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Back to top button