دلچسپ و حیرت انگیز

تین کروڑ ڈالر کی کتاب اور بل گیٹس

کئی برسوں تک دنیا کے امیر ترین شخص کے اعزاز پر قابض رہنے والے بل گیٹس کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ مطالعہ کی عادت ہے۔
بل گیٹس کی کتاب دوستی کی ایک مثال ان کے گھر میں 2100 اسکوائر فٹ لائبریری کا موجود ہونا ہے، ان کی لائبریری میں لیونارڈو ڈی ونچی کا 16 ویں صدی کا ایک مسودہ بھی موجود ہے جو انہوں نے 1994ء میں 3 کروڑ ڈالرز کے عوض ایک نیلامی میں خریدا تھا۔
بل گیٹس کی مطالعہ کی عادت کے حوالے سے ان کے والد ولیم ایچ گیٹس کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ان کا بیٹا بچپن سے ہی ہر قسم کی کتاب پڑھنے کا شوقین تھا، چاہے وہ انسائیکلوپیڈیا ہو، سائنس فکشن ہو یا کسی اور موضوع پر ہو۔ ان کے والد کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوتی کہ ان کا بچہ کتابوں کا کتنا شوقین ہے مگر وہ اتنا مطالعہ کرتا تھا کہ میں نے اور اس کی ماں نے ایک اصول وضع کر لیا کہ رات کے کھانے کے وقت میز پر کوئی کتاب نہیں ہو گی۔
بل گیٹس ہی نہیں بلکہ دنیا کے دیگر امیر ترین آدمی بھی مطالعہ کے بہت زیادہ شوقین ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے کہا جاتا ہے کہ کسی نے امریکی ارب پتی وارن بوفے ان سے ترقی اور کامیابی کا راز پوچھا تو انہوں نے کتابوں کی الماری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ”آپ کامیابی چاہتے ہیں تو روزانہ پانچ سو صفحات پڑھیں۔ اس سے آپ کے علم میں اضافہ ہو گا، یہ علم آپ کے لئے کمپاؤنڈ انٹرسٹ کا کام کرے گا اور ایک دن آئے گا جب یہ علم کئی گنا کامیابی کی صورت میں آپ کو واپس ملے گا۔ آپ سب لوگ یہ کام کر سکتے ہیں لیکن میں گارنٹی دیتا ہوں بہت کم لوگ اس پر توجہ دیں گے۔“

Leave a Reply

Back to top button