HTV Pakistan
بنیادی صفحہ » دین و مذہب » حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کے علمی مناظرے

حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کے علمی مناظرے

پڑھنے کا وقت: 6 منٹ

بنی عباس کو مامون کی طرف سے امام رضا علیہ السّلام کا ولی عہد بنایا جانا ہی ناقابل برداشت تھا، امام رضا علیہ السّلام کی شہادت سے ایک حد تک انہیں اطمینان حاصل ہوا تھا اور انہوں نے مامون سے اپنے حسبِ دلخواہ اس کے بھائی موئمن کی ولی عہدی کا اعلان بھی کرا دیا، جو بعد میں معتصم بالله کے نام سے خلیفہ تسلیم کیا گیا۔

اس کے علاوہ امام رضا علیہ السّلام کی ولی عہدی کے زمانہ میں عباسیوں کا مخصوص شعار یعنی کالا لباس تبدیل ہو کر سبز لباس کا رواج ہو رہا تھا، اسے منسوخ کرکے پھر سیاہ لباس کی پابندی عائد کر دی گئی، تاکہ بنی عباس کی روایات قدیمہ محفوظ رہیں۔ یہ باتیں عباسیوں کو یقین دلا رہی تھیں کہ وہ مامون پر پورا قابو پاچکے ہیں، مگر اب مامون کا یہ ارادہ کہ وہ امام محمد تقی علیہ السّلام کو اپنا داماد بنائے، ان لوگوں کے لئے پھر تشویش کا باعث بنا، اس حد تک کہ وہ اپنے دلی رجحان کو دل میں نہ رکھ سکے اور ایک وفد کی شکل میں مامون کے پاس آکر اپنے جذبات کا اظہار کر دیا۔

انہوں نے صاف صاف کہا کہ امام رضا کے ساتھ جو آپ نے طریقہ کار استعمال کیا، وہی ہم کو ناپسند تھا، مگر خیر وہ کم از کم اپنی عمر اور اوصاف و کمالات کے لحاظ سے قابلِ عزت سمجھے بھی جاسکتے ہیں، مگر ان کے بیٹے محمد علیہ السّلام تو ابھی بالکل کم سن ہیں، ایک بچے کو بڑے بڑے علماء اور معززین پر ترجیح دینا اور اس قدر اس کی عزت کرنا ہرگز خلیفہ کے لئے زیبا نہیں ہے، پھر ام حبیبہ کا نکاح جو امام رضا علیہ السّلام کے ساتھ کیا گیا تھا، اس سے ہم کو کیا فائدہ پہنچا، جو اب ام الفضل کا نکاح محمد ابن علی علیہ السّلام کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔

مامون نے اس تمام تقریر کا یہ جواب دیا کہ محمد علیہ السّلام کمسن ضرور ہیں، مگر میں نے خوب اندازہ کر لیا ہے۔(1) اوصاف و کمالات میں وہ اپنے باپ کے پورے جانشین ہیں اور عالم اسلام کے بڑے بڑے علماء جن کا تم حوالہ دے رہے ہو، علم میں ان کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ اگر تم چاہو تو امتحان لے کر دیکھ لو، پھر تمہیں بھی میرے فیصلے سے متفق ہونا پڑے گا۔ یہ صرف منصفانہ جواب ہی نہیں بلکہ ایک طرح کا چیلنج تھا، جس پر مجبوراً ان لوگوں کو مناظرے کی دعوت منظور کرنا پڑی، حالانکہ خود مامون تمام سلاطین بنی عباس میں یہ خصوصیت رکھتا ہے کہ مورخین اس کے لئے یہ الفاظ لکھ دیتے ہیں "کان بعد من کبار الفقہاء” یعنی اس کا شمار بڑے فقیہوں میں ہے۔ اس لئے اس کا فیصلہ خود کچھ کم وقعت نہ رکھتا تھا، مگر ان لوگوں نے اس پر اکتفاء نہیں کیا، بلکہ بغداد کے سب سے بڑے عالم یحیٰی بن اکثیم کو امام محمد تقی علیہ السّلام سے بحث کے لئے منتخب کیا۔ مامون نے ایک عظیم الشان جلسہ اس مناظرے کے لئے منعقد کیا اور عام اعلان کرا دیا۔ ہر شخص اس عجیب اور بظاہر غیر متوازی مقابلے کے دیکھنے کا مشتاق ہوگیا، جس میں ایک طرف ایک اٹھ برس کا بچہ تھا اور دوسری طرف ایک آزمودہ کار اور شہرہ آفاق قاضی القضاة۔ اسی کا نتیجہ تھا کہ ہر طرف سے خلائق کا ہجوم ہوگیا۔

مورخین کا بیان ہے کہ ارکان دولت اور معززین کے علاوہ اس جلسے میں نو سو کرسیاں فقط علماء وفضلاء کے لئے مخصوص تھیں اور اس میں کوئی تعجب نہیں، اس لئے کہ یہ زمانہ عباسی سلطنت کے شباب اور بالخصوص علمی ترقی کے اعتبار سے زریں دور تھا اور بغداد دارالسلطنت تھا، جہاں تمام اطراف سے مختلف علوم و فنون کے ماہرین کھنچ کر جمع ہوگئے تھے۔ اس اعتبار سے یہ تعداد کسی مبالغہ پر مبنی معلوم نہیں ہوتی۔ مامون نے حضرت امام محمد تقی علیہ السّلام کے لئے اپنے پہلو میں مسند بچھوائی تھی اور حضرت علیہ السّلام کے سامنے یحیٰی ابن اکثم کے لئے بیٹھنے کی جگہ تھی۔ ہر طرف کامل سناٹا تھا۔ مجمع ہمہ تن چشم و گوش بنا ہوا گفتگو شروع ہونے کے وقت کا منتظر ہی تھا کہ اس خاموشی کو یحیٰی کے اس سوال نے توڑ دیا، جو اس نے مامون کی طرف مخاطب ہو کر کہا تھا "حضور کیا مجھے اجازت ہے کہ میں ابو جعفر علیہ السّلام سے کوئی مسئلہ دریافت کروں؟” مامون نے کہا "تمہیں خود انہی سے اجازت طلب کرنا چاہئے۔” یحیٰی امام علیہ السّلام کی طرف متوجہ ہوا اور کہا: "کیا آپ اجازت دیتے ہیں کہ میں آپ سے کچھ دریافت کروں؟” آپ نے فرمایا "تم جو پوچھنا چاہو پوچھ سکتے ہو۔”

یحیٰی نے پوچھا کہ "حالت احرام میں اگر کوئی شخص شکار کرے تو اس کا کیا حکم ہے؟” اس سوال سے اندازہ ہوتا ہے کہ یحیٰی حضرت امام محمد تقی کے علم سے بالکل واقف نہ تھا۔ وہ اپنے غرور علم اور جہالت سے یہ سمجھتا تھا کہ یہ کمسن صاحبزادے تو ہیں ہی، روزمرہ کے روزے نماز کے مسائل سے واقف ہوں تو ہوں مگر حج وغیرہ کے احکام اور حالت احرام میں جن چیزوں کی ممانعت ہے، ان کے کفاروں سے بھلا کہاں واقف ہوں گے۔ امام علیہ السّلام نے اس کے جواب میں اس ط

رح سوال کے گوشوں کی الگ الگ تحلیل فرمائی، جس سے بغیر کوئی جواب اصل مسئلے کا دیے ہوئے آپ کے علم کی گہرائیوں کا یحیٰی اور تمام اہل محفل کو اندازہ ہو گیا۔ یحیٰی خود بھی اپنے آپ کو سبک پانے لگا اور تمام مجمع بھی اس کا سبک ہونا محسوس کرنے لگا۔ آپ نے جواب میں فرمایا کہ تمہارا سوال بالکل مبہم اور مجمل ہے۔ یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ شکار حل میں تھا یا حرم میں، شکار کرنے والا مسئلے سے واقف تھا یا ناواقف، اس نے عمداً اس جانور کو مار ڈالا یا دھوکے سے قتل ہوگیا، وہ شخص آزاد تھا یا غلام، کمسن تھا یا بالغ، پہلی مرتبہ ایسا کیا تھا یا اس سے پہلے بھی ایسا کر چکا تھا۔ شکار پرندے کا تھا یا کوئی اور۔ چھوٹا یا بڑا، وہ اپنے اس فعل پر اصرار رکھتا ہے یا پشیمان ہے۔ رات کو یا پوشیدہ طریقہ پر اس نے شکار کیا یا دن دہاڑے اور اعلانیہ۔ احرام عمرہ کا تھا یا حج کا۔ جب تک یہ تمام تفصیلات نہ بتائی جائیں، اس مسئلہ کا کوئی ایک معین حکم نہیں بتایا جا سکتا-

جواب دیجئے