تازہ ترینسپورٹس

پاکستان ویمنز کرکٹ سیزن 23-2022 کا اعلان

قومی اور بین الاقوامی خواتین کرکٹ کے فرق کو کم کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمنز کرکٹ سیزن برائے 23-2022 کا اعلان کردیا۔

ویمنز کرکٹ  سیزن کے دوران قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں 8 انٹرنیشنل سیریزکھیلے گی، ان انٹرنیشنل سیریز میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ، آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمزاور اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ بھی شامل ہیں۔

سری لنکن ٹیم کا دورہ پاکستان

سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم3  ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے مئی میں پاکستان آئے گی، مہمان ٹیم کے اس دورہ میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں جب کہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب پاکستان آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے کسی میچ کی میزبانی کرے گا۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم ستمبر میں چین روانہ ہوگی جہاں وہ ایشین گیمز میں شرکت کرے گی، پھر اکتوبر نومبر میں آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

 اس دوران مہمان ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

اسی طرح سیزن 23-2022 کے دوران ڈومیسٹک سطح پر بھی خواتین کرکٹ کے مقابلے منعقد ہوں گے۔

سیزن کا پہلا ایونٹ، قومی انڈر 19 ویمنز ٹورنامنٹ اگست میں مریدکے میں کھیلا جائے گا، جہاں 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

اس ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرکٹرز کو بعدازاں ویمنز کرکٹ سیزن 23-2022 میں سینئر ٹیموں کی نمائندگی کا موقع بھی دیا جائے گا۔

نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ ستمبر میں کھیلی جائے گی، اس ایونٹ کو دومرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی چار ٹیمیں شرکت کریں گی اور یہاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے والی خواتین کرکٹرز کے ہمراہ تین نئی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا، پھر ان تین ٹیموں کے مابین ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کی فاتح کو چیمپئن قرار دیا جائے گا۔

تیسرا اور آخری ویمنز ڈومیسٹک ایونٹ، ون ڈے ٹورنامنٹ اپریل میں کھیلا جائے گا، چار ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں کُل 14 میچز کھیلے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button