تازہ ترینفن اور فنکار

زائرہ وسیم کی 2 سال بعد برقع میں پہلی تصویر

زائرہ وسیم نے ’دنگل‘ کے علاوہ عامر خان کی ہی پروڈیوس کردہ بلاک بسٹر فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کے علاوہ پریانکا چوپڑا کے ساتھ فلم ’اسکائے از پنک‘ میں کام کیا تھا جو 2019 کے اختتام پر ریلیز ہوئی تھی۔

محض تین فلموں سے بولی وڈ میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے بعد جولائی 2019 میں مذہب کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی زائرہ وسیم نے 2 سال بعد برقع میں اپنی پہلی تصویر شیئر کردی۔

زائرہ وسیم نے مذہب اسلام کی خاطر جولائی 2019 سے بولی وڈ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے 2016 میں عامر خان کی کامیاب ترین فلم ’دنگل‘ سے انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔

کم عمری میں محض ایک ہی فلم سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی زائرہ وسیم نے جب جولائی 2019 میں سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے مذہب کی خاطر شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا تو کئی شخصیات حیران رہ گئی تھیں۔

اور شوبز چھوڑے جانے کے دو سال دو ماہ بعد 5 اکتوبر کو زائرہ وسیم نے انسٹاگرام پر اپنی پہلی تصویر شیئر کی تو چند ہی گھنٹوں میں ہزاروں افراد نے ان کی تصویر کو لائیک کیا۔

زائرہ وسیم نے برقع میں ملبوس اپنی تصویر کو صرف انسٹاگرام پر شیئر کیا، اسے فیس بک اور ٹوئٹر پر شیئر نہیں کیا۔

تصویر میں سابق اداکارہ کا چہرہ دکھائی نہیں دیتا اور انہیں خوبصورت سیاحتی مقام پر لوہے کے بنے پل پر سیاہ برقعے میں دیکھا جا سکتا ہے۔

انہوں نے تصویر کے کیپشن میں ماہ اکتوبر کی دھوپ کی خوبصورتی کا ذکر کیا۔

زائرہ وسیم کی تصویر کو ان کی ’دنگل‘ فلم کی ساتھی اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ سمیت دیگر بولی وڈ شخصیات نے بھی لائیک کیا جب کہ درجنوں مداحوں نے کمنٹس میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کئی لوگوں نے ان کی جانب سے تصویر شیئر کیے جانے پر چہ مگوئیاں شروع کیں کہ اب وہ جلد ہی دوبارہ فلموں میں آئیں گی، تاہم کئی افراد نے یہ بھی لکھا کہ زائرہ وسیم کی فلموں میں واپسی ناممکن دکھائی دیتی ہے۔

خیال رہے کہ زائرہ وسیم نے ’دنگل‘ کے علاوہ عامر خان کی ہی پروڈیوس کردہ بلاک بسٹر فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کے علاوہ پریانکا چوپڑا کے ساتھ فلم ’اسکائے از پنک‘ میں کام کیا تھا جو 2019 کے اختتام پر ریلیز ہوئی تھی۔

زائرہ وسیم نے صرف مذکورہ تین فلموں میں ہی کام کیا تھا اور انہیں کافی شہرت ملی تھی، شوبز کو خیرباد کہنے کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا سے اپنی تصاویر اور ویڈیوز بھی ڈیلیٹ کردی تھیں جب کہ مداحوں کو بھی اپنی تصاویر و ویڈیوز ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔

اب دو سال بعد انہوں نے اپنی جو تصویر شیئر کی ہے، اس میں بھی ان کا چہرہ دکھائی نہیں دے رہا۔

Leave a Reply

Back to top button