پاکستانتازہ ترین

پیپلز پارٹی کا اپوزیشن کے لانگ مارچ اور جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

 پیپلز پارٹی پاکستان وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے قبل اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پر 28مارچ کو وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے لانگ مارچ اور جلسہ عام کی منسوخی کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔

 اپوزیشن کیمپ کے ذرائع  نے  بتایا کہ پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو اسلام آباد میں اپنے پہلے سے طے شدہ جلسے پر اپنے تحفظات سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کے رہنماؤں کو یہ بھی بتایا تھا کہ اگر وہ اپنے طے شدہ جلسہ عام کے انعقاد پر اصرار کرتے ہیں تو پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلسے میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور پارٹی اس جلسے میں علامتی طور پر شرکت کے لیے دوسرے درجے کے رہنماؤں کو نامزد کرے گی۔

پیپلز پارٹی کے ایک سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پارٹی نے اپنے کارکنوں کو لانگ مارچ اور اپوزیشن کے جلسے میں شرکت کی کال نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پی ٹی آئی کو ڈی چوک میں جلسے سے روکنے کے فیصلے کے بعد انہیں عوامی اجتماعات کرنے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ اس طرح کے اقدام سے پی ٹی آئی کو عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ میں مزید تاخیر کا موقع مل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ کچھ غیر جمہوری قوتیں بھی صورتحال کا فائدہ اٹھا سکتی ہیں اور ملک کو ایک ’غیرمتوقع واقعہ‘ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button