تازہ تریندلچسپ و حیرت انگیز

اندرا گاندھی چاند پر گئی تھیں! بھارتی سیاستدان کا عجیب دعویٰ

بھارتی خلائی مشن چندریان 3 نے جب سے چاند پر لینڈنگ کی ہے پڑوسی ملک میں اس سے جڑی عجیب وغریب خبریں مسلسل میڈیا کی زینت بن رہی ہیں جیسا کہ بھارتی سیاستدان کا یہ دعویٰ۔

انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگالی کی وزیراعلیٰ ممتا بینر جی نے اپنی ایک تقریر کے دوران یہ حیران کن انکشاف کیا کہ سابق وزیراعظم اندرا گاندھی چاند پر گئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک تقریب میں خطاب کے دوران ممتا بینر جی نے اندرا گاندھی کے دور حکومت میں انڈیا کے پہلے خلائی سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب اندرا گاندھی چاند پر پہنچ گئیں تو انہوں نے راکیش (شرما) سے پوچھا کہ یہاں سے انڈیا کیسے دکھتا ہے۔ انہوں نے جواب دیا کہ ’سارے جہاں سے اچھا۔

اس سے قبل ممتا بینرجی نے انڈیا کے پہلے خلا باز راکیش شرما کو راکیش روشن (فلم ڈائریکٹر) سے ملایا تھا اور یہ بھی کہہ دیا تھا کہ وہ چاند پر گئے تھے جب کہ راکیش شرما چاند پر نہیں بلکہ 1984 میں روسی ٹیم کے ساتھ خلا پر گئے تھے جب کہ راکیش روشن مشہور بالی ووڈ فلم ڈائریکٹر اور ریتھک روشن کے والد ہیں۔

سوشل میڈیا پر مغربی بنگال کی وزیر اعلٰی کے اس دعوے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی جس پر صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی صارف کِیا گوش نے لکھا کہ ممتا بینرجی کی جانب سے تازہ ترین معلومات ، ’اندرا گاندھی چاند پر پہنچ گئیں۔ معلوم کرنا چاہ رہی ہوں کہ آئی ایس آر او کو اس قیمتی معلومات کے بارے میں علم ہے؟

کشور تھوپاتی نامی صارف نے ٹویٹ کیا کہ پہلے راکیش روشن چاند پر پہنچایا اور اب اندرا گاندھی چاند پر پہنچ گئیں۔ ایک اور صارف مکیش وکرم ہگدی نے سوال کیا کہ محترمہ ممتا اندرا گاندھی کب چاند پر گئیں؟

راجھستان کے ایک وزیر اشوک چندنہ نے چندریان تھری کے ’’مسافروں‘‘ کو چاند پر محفوظ لینڈنگ پر مبارک باد دی تھی اور چاند سے واپسی پر سائنسدانوں کا شاندار استقبال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہیں یہ معلوم نہیں ہے کہ چندریان عملے کے بغیر خلائی مشن ہے۔

یاد رہے کہ چندریان تھری نے 23 اگست کو چاند کے جنوبی قطب میں کامیاب لینڈنگ کر کے اس حصے پر اترنے والا پہلا ملک ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button