تازہ ترینخبریںدنیا سے

صرف اچھی اور مثبت خبریں دکھانے والا ٹی وی چینل

بھارت کے معروف میڈیا ہاؤس انڈیا ٹوڈے کی جانب سے نئے ٹی وی چینل کا آغاز کیا گیا ہے جو ناظرین کے لیے صرف اچھی اور مثبت خبریں نشر کرے گا۔

مذکورہ چینل کا نام گڈ نیوز ٹوڈے ہے جس پر لوگ صرف مثبت خبریں دیکھ سکیں گے۔

عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انڈیا ٹوڈے گروپ کے وائس چیئرپرسن کالی پورے کا کہنا تھا کہ یہ چینل بھارت سمیت دنیا کے دیگر علاقوں سے انسانی کامیابیوں، امید، ایجادات اور زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنے فرائض انجام دینے والوں کی کہانیاں دکھائے گا۔

کالی پورے نے مزید کہا کہ ہمیں لوگوں تک خوشخبری پھیلانے اور اچھے کردار شیئر کرنے کی ضرورت ہے چاہے حقیقت کچھ بھی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مسکراہٹ، حوصلہ افزائی اور اپنے ارد گرد کی اچھی چیزوں کو دیکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس کے بغیر ہم ناکام ہیں، یہ ایک ایسا چینل ہے جو دل کو چھوتا ہے۔

کالی پورے نے مزید بتایا کہ اس چینل کا نعرہ ہے ‘اچھی خبر، سچی خبر’۔

واضح رہے بھارت میں اس وقت 160 سے زائد قومی اور علاقائی نیوز چینلز کی نشریات جاری ہیں جن میں سے دو چینلز سب سے زیادہ دیکھے جاتے ہیں۔ ایک ہندی زبان کا آج تک اور دوسرا انگریزی زبان کا انڈیا ٹوڈے، یہ دونوں چینلز انڈیا ٹوڈے گروپ کی ملکیت ہیں۔

Leave a Reply

Back to top button