پاکستانتازہ ترین

پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ بنانے کے لیے مطلوبہ ارکان کی تعداد پوری ہونے کا دعویٰ

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کے لیے مطلوبہ ارکان کی تعداد پوری ہوگئی، ناراض اراکین بھی پرویز الہی سے رابطے میں ہیں، چند ناراض اراکین رہ گئے وہ بھی جلد ساتھ ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل کرنے کے مشن پر ہیں اور انہوں نے اپوزیشن کے ارکان کے علاوہ تحریک انصاف کے ناراض ارکان سے رابطے تیز کردیئے ہیں۔

چوہدری پرویز الہی پی ٹی آئی کے ایک اور ناراض چھینہ گروپ سے ملاقات کے لیے ماڈل ٹاون پہنچے اور گروپ کے 14 ارکان اسمبلی سے ملاقات کی،  ارکان اسمبلی میں عامر عنایت شاہانی، علی رضا خاکوانی ، اعجاز سلطان بندیشہ، احسن جہانگیر، گلریز افضل گوندل، خواجہ داؤد سلیمانی، سردار محی الدین کھوسہ، غصنفر عباس، غصنفر چھینہ، تیمور لالی، سردار شہاب الدین، فیصل فاروق چیمہ، اعجاز خان اور غلام علی اصغر شامل تھے، جب کہ پرویز الہیٰ کے ہمراہ ایم این اے طارق بشیر چیمہ، صوبائی وزرا راجہ بشارت، حافظ عمار یاسر اور چوہدری ظہیر تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات غضنفر عباس چھینہ کی رہائش گاہ پر ہوئی، جس میں چودھری پرویزالٰہی نے چھینہ گروپ سے حمایت کیلئے مشاورت کی اور باضابطہ طور پر اپنی حمایت کی درخواست کی۔ چھینہ گروپ کے ارکان کا کہنا ہے تھا کہ پرویزالٰہی سے ملاقات بہت اچھی رہی، 24 گھنٹوں میں فیصلے کا اعلان کر دیں گے۔

صوبائی وزیر قانون راجا بشارت کا دعویٰ

ملاقات سے قبل وزیر قانون راجا بشارت کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الہی کو وزیراعلی پنجاب بنانے کے لئے نمبر پورے ہوگئے ہیں، ناراض اراکین بھی پرویز الہی سے رابطے میں ہیں اور ان کی حمایت حاصل ہے، چند ناراض اراکین رہ گئے وہ بھی جلد ساتھ ہوں گے۔

راجا بشارت کا کہنا تھا کہ آج چوہدری پرویز الہی اپنی رہائش گاہ میں چند ناراض اراکین سے مل رہے ہیں، جس کے بعد وہ بھی ان کی حمایت میں آجائیں گے، ترین گروپ سے بھی رابطے میں ہیں جلد مثبت پیش رفت ہوگی، ن لیگ کے بیشتر افراد چوہدری پرویز الہی کے ساتھ ہیں۔

صوبائی وزیر چوہدری ظہیر الدین کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سب کچھ نمبرنگ گیم ہے جو صورتحال دیکھ رہے ہیں اس کے مطابق پرویز الہی کے پاس نمبر پورے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button