تازہ ترینصحت

فیس ماسک کے استعمال کا ایک حیران کن فائدہ

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ نیلے رنگ کے سرجیکل فیس ماسک چہرے کی کشش کو دیگر اقسام کے ماسکس کے مقابلے میں زیادہ بڑھا دیتے ہیں۔

فیس ماسک ایسے 2 الفاظ جو کورونا وائرس کی وبا کے دوران تند و تیز بحث کا باعث بن جاتے ہیں اور ایسا کافی عرصے تک ہوتا رہے گا۔

مگر اب ایک تحقیق میں فیس ماسک کے استعمال کا ایک حیران کن فائدہ سامنے آیا ہے۔

درحقیقت کووڈ سے بچانے میں مددگار فیس ماسک پہننے والے افراد زیادہ پرکشش نظر آتے ہیں۔

یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

کارڈف یونیورسٹی کی تحقیق میں 40 مردوں کو شامل کرکے جائزہ لیا گیا کہ مختلف اقسام کے فیس ماسک سے ان کی کشش میں کیا تبدیلیاں آئیں۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ نیلے رنگ کے سرجیکل فیس ماسک چہرے کی کشش کو دیگر اقسام کے ماسکس کے مقابلے میں زیادہ بڑھا دیتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ کورونا کی وبا سے قبل ہونے والی تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ میڈیکل فیس ماسکس سے چہرے کی کشش گھٹ جاتی ہے تو ہم جاننا چاہتے ہیں کہ موجودہ وقت جب فیس ماسک کا اسعمال عام ہوگیا ہے تو اس حوالے سے تاثر بدلا ہے یا نہیں، جبکہ یہ بھی جاننا چاہتے تھے کہ ماسک کی اقسام سے کوئی اثر ہوتا ہے یا نہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تحقیق کے نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ چہرے اس وقت زیادہ پرکشش محسوس ہوتے ہیں جب وہ نیلے سرجیکل ماسک سے ڈھانپے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کی ممکنہ وجہ یہ ہے کہ شاید اس طرح کے ماسک طبی ورکرز استعمال کرتے ہیں اور اب ہم انہیں ان افراد سے جوڑتے ہیں جو نگہداشت یا طبی شعبے سے منسلک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاید اس وقت جب ہم خود کو کمزور محسوس کرتے ہیں، فیس ماسک کا استعمال یقین دہانی دلانے کے ساتھ اس کو پہننے والے کے بارے میں زیادہ مثبت تاثر قائم کرتا ہے۔

تحقیق میں 43 خواتین کو مردوں کے فیس ماسک کے بغیر، کپڑے کے ماسک پہنے، نیل سرجیکل ماسک کے ساتھ اور کتاب کے سادہ سیاہ سرورق سے چھپے چہرے دکھا کر 1 سے 10 تک اسکور دینے کا کہا گیا۔

یہ تحقیق فروری 2021 میں ہوئی تھی جب برطانیہ میں فیس ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیئے 7 ماہ سے زیادہ عرصہ ہوچکا تھا۔

محققین کے مطابق نتائج وبا سے قبل ہونے والی تحقیق سے متضاد تھے، جب یہ خیال کیا جاتا تھا کہ ماسک لوگوں کو کسی بیماری کے بارے میں سوچنے پر مجبور کرتے ہیں اور اس لیے ان کو پہننا نہیں چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ بھی دریافت کیا کہ بغیر ماسک کے مقابلے میں کپڑے کے ماسک سے چھپے چہرے کو بھی زیادہ پرکشش قرار دیا گیا، یہ اثر کم پرکشش اور زیادہ پرکشش دونوں گروپس میں دیکھنے میں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وبا نے فیس ماسک کے استعمال کے حوالے سے ہماری نفسیات کو بدل دیا ہے، اب ہم کسی فرد کو ماسک پہنے دیکھتے ہیں تو یہ خیال نہیں کرتے کہ وہ بیمار ہے اور ہمیں اس سے دور رہنا چاہیے۔

اب محققین کی جانب سے مردوں کے ساتھ خواتین پر بھی اسی تحقیق کو توسیع دے کر دیکھا جائے گا کہ دونوں صنفوں میں بھی یکساں نتائج سامنے آتے ہیں یا نہیں۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل کوگنیٹو ریسرچ: پرنسپلز اینڈ امپلیکشنز میں شائع ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button