انتخاباتتازہ ترین

پنجاب اسمبلی کی 20خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کی تمام تر تیاریاں مکمل

لاہور(رپورٹ فیصل اکبر) پی ٹی آئی کے منحرف اراکین اسمبلی کی 20خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات 17جولائی کو ہوگا۔ انتخابی مہم کل پندرہ جولائی کو رات بارہ بجے ختم ہوجائے گی۔ الیکشن کمیشن پنجاب نے بیلٹ پیپرز کی چھپائی سے لیکر پولنگ سٹیشنوں کے قیام اور پولنگ عملے کی تربیت سمیت تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

لاہور، ملتان اور دیگر حساس حلقوں میں رینجرز کے جوان پولنگ کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے فرائض انجام دیں گے۔ ضمنی انتخابات کے لیے 3ہزار205پولنگ سٹیشن قائم کیے جائیں گے، ایک ہزار834کمبائن، 760مرد اور 679خواتین ووٹرز کے لیے مختص ہوں گے۔ پولنگ سٹیشنوں پر 3ہزار223پریزائیڈنگ ، 8ہزار980اسسٹنٹ پریزائیڈنگ اور 8ہزار947پولنگ افسران 45لاکھ 74ہزار377رجسٹرڈ ووٹرز کے حق رائے دہی کے عمل کیلئے فرائض انجام دیں گے۔

متذکرہ انتخابی حلقوں میں مرد رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 24لاکھ 58ہزار313اور رجسٹرڈخواتین ووٹرز کی تعداد 21لاکھ 16ہزار64ہے۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق بیلٹ پیپرز اور دیگر ضروری مواد کی چھپائی کا کام مکمل کرلیاگیا ہے اور الیکشن سے ایک روز پریزائیڈنگ افسران کے حوالے کیا جائےگا۔ افسران کو پولنگ سٹیشن اور پولنگ کے بعد ریٹرننگ آفیسر کے دفتر تک پہنچانے کے لیے گاڑیوں کی بکنگ کا کام قریباً مکمل کیا جاچکا ہے۔

دوسری طرف پولنگ میں چند روز باقی رہ جانے کی وجہ سے امیدواروں نے ڈور ٹو ڈور ووٹر سلپ کی فراہمی شروع کردی ہے جس میں پولنگ سٹیشن اور ووٹ نمبر سمیت تمام ضروری معلومات درج ہیں، اسی دوران ایک بار پھرووٹرز سے ووٹ دینے کا وعدہ لیا جارہا ہے، امیدواروں نے ووٹرز کو گھر سے پولنگ سٹیشن اور واپس چھوڑنے کے لیے نجی ٹرانسپورٹ کی بکنگ شروع کردی ہے،

علاوہ ازیں کھانے پینے اوردوسری سہولتوں کے لیے بھی اہتمام کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ جو امیدوار ووٹر کو پولنگ سٹیشن تک لیکر جاتا ہے اس کو ووٹ ملنا یقینی ہوتا ہے۔ حالیہ ضمنی انتخابات میں ایسا پہلی بار دیکھنے میں آیا ہے کہ دونوں پارٹیوں کی مرکزی لیڈر شپ سے لیکر کارکن تک سبھی میدان عمل میں اپنے اپنے امیدواروں کی حمایت میں نکلے ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button