تازہ ترینسیاسیات

مسلم لیگ ن اور ایم کیوایم پاکستان کا عام انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان

پاکستان کی سیاست میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی مسلم لیگ ن سے ملاقات کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئندہ سال 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نوازشریف کی دعوت پر ایم کیوایم کے دوست لاہور تشریف لائے اور آپس میں بات چیت ہوئی اس ملاقات میں دونوں جماعتوں کی قیادت موجود تھی جس میں پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے وسیع اشتراک کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی گزشتہ حکومت میں ن لیگ اور ایم کیو ایم نے ایک چارٹرڈ پر دستخط کیے تھے جب کہ دونوں جماعتوں میں ایک لارجر ہم آہنگی موجود رہی ہے۔ اسی بنا پر فیصلہ کیا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ن لیگ اور ایم کیو ایم پاکستان مل کر لڑیں گی۔

سعد رفیق نے کہا کہ اس حوالے سے دونوں جانب سے کمیٹیوں کا اعلان بھی کیا جائے گا جب کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگلے چند دنوں میں آپ کو اچھی خبریں ملیں گی، ن لیگ کا جمعیت علما اسلام سے گہرا تعلق ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ تعلقات کی ایک لمبی تاریخ ہے۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے کچھ فائر ورک ہوتے رہتے ہیں کوشش ہے جواب نہ دیا جائے۔ ہم بلاول بھٹو کو کچھ کہنے سے روک نہیں سکتے وہ آزاد آدمی ہیں تاہم ہم اپنے سماجی اورمعاشی تعلقات میں بگاڑ پیدا نہیں کریں گے۔

ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ اس وقت ملک کو سنگین سیاسی اور معاشی بحرانوں کا سامنا ہے۔ کوئی ایک جماعت اس پوزیشن میں نہیں کہ ملک کے مسائل حل کر سکے۔ صرف انتخابات لڑنا ہی نہیں بلکہ اس کے بعد جو حکومت بنے گی ان کے لیے بھی چیلنجز ہیں۔ ضروری ہے وسیع تر مفاہمت اور اشتراک حاصل کیا جائے۔ سیاسی، معاشی اور آئینی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ایک چارٹرڈ تیار کرنا ہے جب کہ ن لیگ اور ایم کیو ایم کی 3،3 ارکان پر مشتمل کمیٹی تیار کی جائے گی۔ مشترکہ اتفاق رائے اختیار کریں گے تاکہ آنے والی حکومت کیلیے راستے آسان ہو جائیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور میں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال پر مشتمل وفد نے مسلم لیگ ن سے ملاقات کی جس میں قاند ن لیگ نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز کے علاوہ احسن اقبال، ایاز صادق، رانا ثنا اللہ، سعد رفیق اور مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔

ذرائع کے مطابق ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی اس ملاقات میں عام انتخابات، انتخابی اتحاد اور سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی اور نوازشریف نے سندھ کی ابتر صورتحال، مردم شماری، حلقہ بندیوں  پر ایم کیوایم کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے انتخابات سے قبل اور بعد میں بھی مل کر مسائل کے حل کیلیے مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button