تازہ ترینسپیشل رپورٹ

اردو زبان کا پہلا اخبار کب شائع ہوا ؟

اردو کا پہلا اخبار، جسے شائع ہوئے دو سو سال ہو گئے
آج سے ٹھیک دو صدیاں قبل ’جامِ جہاں نما‘ کے نام سے ایک اخبار جاری ہوا جو بنگالی کے بعد کسی بھی ہندوستانی زبان کا دوسرا اخبار تھا۔

’ایک نیا اخبار ہندوستانی زبان میں جاری ہوا ہے، لیکن اس کا رشتہ کس سے ہے اور اسے کس نے جاری کیا ہے۔ اس کے بارے میں ہمیں کوئی کچھ بتا نہیں سکا۔ اس کا کوئی پراسپیکٹس ہے نہ اس پر چھانپنے والے کا نام درج ہے۔ یہ اخبار کوارٹر سائز کے تین اوراق پر مشتمل ہے اور اس کا نام ’جام جہاں نما‘ ہے۔ اس کا پہلا شمارہ بدھ کے دن 27 مارچ کو شائع ہوا۔‘

یہ خبر 1822 میں کلکتہ جرنل میں شائع ہوئی اور اس میں ’ہندوستانی زبان‘ سے مراد اردو تھی۔

’جام جہاں نما‘ برطانوی ہندوستان میں بنگالی کے بعد کسی دوسری مقامی زبان میں شائع ہونے والا پہلا اخبار تھا جو خط نستعلیق میں لکھا جاتا تھا۔

اس کے بانی ہری ہردت اور مدیر منشی سدا سکھ لال تھے اور دونوں ایسٹ انڈیا کمپنی کے ملازم تھے۔ یہ اخبار کلکتہ کی برطانوی تجارتی کوٹھی ولیم ہاپکنز پیئرس اینڈ کمپنی کی ملکیت تھا۔

تاریخ کی کتابوں میں درج ہے کہ 27 مارچ 1822 کو جب غیر منقسم ہندوستان کے دارالحکومت کلکتہ سے ’جام جہاں نما‘ کی اشاعت شروع ہوئی تو پہلے شمارے میں ایک نوٹس شائع ہوا، جس میں لکھا تھا کہ یہ ایک ہفتہ وار اخبار ہے اور اسے ماہانہ دو روپے کے عوض خریدا جا سکتا ہے۔

اگرچہ اردو کے اس اولین اخبار کے ابتدائی شمارے کہیں بھی دستیاب نہیں ہیں، تاہم بعد کے کچھ نمونے نیشنل آرکائیوز آف انڈیا نئی دہلی، نیشنل لائبریری آف کلکتہ اور برٹش لائبری لندن کے اورینٹل اینڈ انڈیا آفس کلیکشنز میں موجود ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button