فن اور فنکار

معروف گٹارسٹ عامر ذکی انتقال کرگئے

ملک کے بہترین گٹار بجانے والوں میں شمار ہونے والے معروف گٹارسٹ عامر ذکی 49 برس کی عمر میں دل کے عارضے کے باعث انتقال کرگئے۔

عامر ذکی کچھ عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے، ان کے اہل خانہ نے ان کے موت کی تصدیق کی۔

عامر ذکی کی نماز جنازہ 3 جون کو ادا کی جائیں گی۔

عامر ذکی کا شمار ملک کے بہترین گٹارسٹوں میں ہوتا تھا، وہ 1968 میں سعودی عربیہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے پہلی بار 14 برس کی عمر میں گٹار بجایا۔

انہیں سب سے پہلے نامور موسیقارعالمگیر نے دریافت کیا، اس وقت عامر زکی کی عمر محض 16 برس تھی، انہوں نے عالمگیر کے ساتھ کئی ممالک کا دورہ کیا، انہیں گٹار بجانے کے منفرد انداز کی وجہ سے شہرت حاصل ہے۔

عامر زکی نے مختلف ممالک کا دورہ کرنے کے بعد اپنے گروپ بینڈ کو خیرآباد کہہ دیا اور 1994 میں اپنا پہلا ایلبم ریلیز کردیا۔

انہیں ان کے مشہور گانے’میرا پیار‘ کی بے حد مقبولیت پر ساؤنڈ کرافٹ گولڈ ڈسک ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

عامر زکی نے مختلف گروپ بینڈز کے ساتھ اندرون و بیرون ملک مل کر کام کیا، انہیں منفرد گٹار بجانے کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

عامر زکی کی موت پر علی گل پیر، حمزہ جعفری، فیصل رفیع، اور بلال خان سمیت دیگر موسیقاروں، فنکاروں اور فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

Leave a Reply

Back to top button