تازہ ترینجرم کہانی

اسمگلروں کا خاندانی گروہ گرفتار

انسداد منشیات کی فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد اور کراچی کے ائیر پورٹس پر کریک ڈاؤن کے دوران بین الاقوامی اسمگلروں کا خاندانی گروہ گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے انٹیلی جنس اطلاع پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کریک ڈاؤن کیا، کارروائی میں بحرین جانے والا بین الاقوامی اسمگلروں کا خاندانی گروہ گرفتار کرلیا گیا۔

اے این ایف کا کہنا ہے کہ 3 خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 9 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان نے اپنے پیٹ میں منشیات بھرے کیپسول کی موجودگی کا اعتراف کر لیا۔

اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کو اسپتال منتقل کر کے کیپسولز برآمد کر لیے گئے، ملزمان سے مجموعی طور پر 575 ہیروئن اور 159 آئس بھرے کیپسول برآمد کرلیے گئے۔

گرفتار افراد کا تعلق پشاور، مردان اور چارسدہ سے ہے۔

دوسری جانب اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی کے جناح ایئرپورٹ پر ایک اور کارروائی کرتے ہوئے مسافر کے پیٹ سے 91 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کرلیے۔ برآمد ہیروئن کا مجموعی وزن 1 کلو 170 گرام ہے۔

اے این ایف کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر موقع پر موجود سہولت کار بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، دونوں ملزمان کا تعلق منشیات فروش گروہ سے ہے۔

ملزمان لاہور کے رہائشی تھے جو چین کے لیے روانہ ہو رہے تھے، ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button