خبریںپاکستان سے

میرٹ کے فروغ کیلئے کام کر رہے ہیں، 2020 پاکستان کی ترقی کا سال ہو گا: وزیراعظم

ویب دیسک: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں میرٹ کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں، 2020 پاکستان کی ترقی کا سال ہوگا۔
عمران خان نے اسلام آباد میں پاکستان پوسٹ کے ذریعے ترسیلات زر بھجوانے کی سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رقوم سے ملک چلتا ہے اس لیے ہمیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خاص قدر کرنی چاہیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’سفارتخانوں کو اوورسیز پاکستانیوں کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے، بیرون ملک سے قانونی ذرائع سے پیسے بھیجنے والوں کے لیے اسکیم تیار کی جارہی ہے، قانونی ذرائع سے پیسے بھیجنے والوں کو ہیلتھ کارڈ دینے کی تجویز ہے جبکہ قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے والوں کو انعام بھی دیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حکومت کا سب سے بڑا کام عوام کی زندگی آسان کرنا ہے، عوام کی خدمت کر کے ہی ملک کو عظیم بنایا جا سکتا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مزید آسانیاں پیدا کر رہے ہیں اور ان کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔‘
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ کہ مدینہ کی ریاست پہلے دن ہی نہیں بن جاتی، دنیا میں میرٹ پر قائم کیا گیا نظام کامیاب ہوتا ہے، ماضی کی حکومتیں عوام کی نہیں اپنی خدمت کرنے آئی تھیں، ملک میں میرٹ کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں جبکہ 2020 پاکستان کی ترقی کا سال ہو گا۔

Leave a Reply

Back to top button