دنیا

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے 100 دن مکمل، دل دہلا دینے والے اعداد و شمار

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے 100 دن مکمل ہو گئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وحشیانہ بمباری میں مزید 135 فلسطینی شہید ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس اور فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں جنگ اتوار کو اپنے 100 ویں دن میں داخل ہو گئی ہے اور قتل عام کا کوئی خاتمہ نظر نہیں آتا، صہیونی فورسز کی جانب سے وحشیانہ حملے بدستور جاری ہیں، رات گئے رفح میں ایک گھر پر اسرائیلی فوج کے حملے میں 2 سالہ بچی سمیت 14 فلسطینی شہید ہو گئے۔

اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان دہائیوں سے جاری تنازع کی تاریخ میں یہ جنگ اب تک کی سب سے خوں ریز اور تباہ کن جنگ ہے۔ الجزیرہ کے مطابق ایسوسی ایٹڈ پریس، فلسطینی وزارت صحت، اسرائیلی حکام، بین الاقوامی مبصرین اور امدادی گروپوں سے حاصل کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس جنگ کے تباہ کن اعداد و شمار مندرجہ ذیل ہیں:

اموات

غزہ میں کم از کم 23 ہزار 843 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تعداد بچوں اور پھر خواتین کی ہے۔

اسرائیل میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 1,300 سے زیادہ ہے۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 347 ہے۔

زخمی

غزہ میں 60 ہزار 317 فلسطینی زخمی ہوئے۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں 4000 سے زیادہ فلسطینی زخمی ہوئے۔

کُل اسرائیلی زخمیوں کی تعداد 12 ہزار 415 ہے، 7 اکتوبر سے زخمی ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 2,496 ہے، زمینی حملے میں زخمی ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 1,085 ہے۔

غزہ میں تباہی

غزہ میں 45 سے 56 فی صد عمارتوں کو نقصان پہنچا یا تباہ ہو گئیں۔

غزہ میں جزوی طور پر کام کرنے والے اسپتالوں کی تعداد 36 میں سے 15 رہ گئی ہے۔

5 لاکھ 76 ہزار 600 فلسطینی شہری ’مہلک بھوک اور فاقہ کشی‘ کا سامنا کر رہے ہیں۔

غزہ میں 69 فی صد سے زیادہ اسکولوں کی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

تباہ ہونے والی مساجد کی تعداد 142 ہے، 3 گرجا گھر تباہ ہوئے۔

شہر میں 121 ایمبولینسوں کو نقصان پہنچا۔

اسکول سے باہر طلبہ کی تعداد 6 لاکھ 25,000 ہے۔

نقل مکانی

غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کی تعداد 1.8 ملین تک پہنچ چکی ہے۔ مغربی کنارے کے بے گھر فلسطینیوں کی تعداد 1,208 ہے۔

شمالی اور جنوبی سرحدی برادریوں سے بے گھر ہونے والے اسرائیلیوں کی تعداد 2 لاکھ 49 ہزار 263 ہے۔

یرغمال/قیدی

7 اکتوبر کو حماس کی طرف سے یرغمال بنائے گئے اسیروں کی تعداد تقریباً 250 ہے۔ رہا ہونے والے اسیران کی تعداد 121 ہے۔

غزہ کی پٹی میں باقی قیدیوں کی تعداد 136 ہے، حماس کی قید میں مارے گئے قیدیوں کی تعداد 33 ہے۔

لڑائی میں ہفتہ بھر کے وقفے کے دوران رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کی تعداد 240 ہے۔

گولہ بارود

غزہ پر گرائے گئے بموں، بارود اور گولوں کی تعداد 29,000 ہے۔

اسرائیل کی طرف داغے گئے راکٹوں کی تعداد 14,000 ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button