سپورٹس

نئے سال کے آغاز پر بھارت کا پھر پاکستان سے سیریز کھیلنے سے انکار

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کے امکانات کو ایک مرتبہ پھر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر جاری فائرنگ کے مسلسل تبادلے کے سبب دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریز کا انعقاد نہیں ہوسکتا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ سرحد پر فائرنگ کے مسلسل تبادلے کے سبب کرکٹ سیریز کے انعقاد کیلئے مناسب ماحول نہیں۔

اجلاس کے دوران وزیر خارجہ سے پوچھا گیا تھا کہ کیا دونوں ملکوں کے درمیان ایک عرصے سے منسوخ کرکٹ سیریز کی بحالی سے تناؤ کے ماحول میں کمی واقع ہو سکتی ہے جس پر سشما نے نفی میں جواب دیا۔

سیاسی تناؤ کے سبب دونوں ملکوں کے درمیان 2007 کے بعد سے کوئی مکمل دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی جا سکی جبکہ بھارتی ٹیم نے آخری مرتبہ 2006 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان تعلقات میں اس وقت معمولی بہتری آئی تھی جب 2012-13 کے درمیان پاکستان نے دو ٹی20 اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کیلئے پڑوسی ملک کا دورہ کیا تھا لیکن مودی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی تناؤ پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گیا ہے اور اس کے بعد سے آئی سی سی کے زیر انتظام ایونٹس کے سوا دونوں ملک کسی بھی موقع پر مدمقابل نہیں آئے۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ سیریز کیلئے ایک مفاہم یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے تھے لیکن بھارت نے سیاسی صورتحال کو جواز بناتے ہوئے ایک مرتبہ پاکستان سے سیریز کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔

بھارتی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا کہ 2017 میں 800 مرتبہ سرحد پار سے سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی۔

یاد رہے کہ پاکستان نے سیریز نہ کھیلنے پر گزشتہ سال نومبر میں بھارتی کرکٹ بورڈ کو قانونی نوٹس بھیجا تھا جس میں سیریز نہ کھیلنے پر پاکستان کو 70ملین ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

اتوار کو ‘دی ویک’ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کے مالی فوائد سمیت دیگر اہم نکات پر روشنی ڈالتے ہوئے بھارت سے کھیل کی خاطر سیاسی تناؤ کو بالائے طاق رکھ کر سیریز کھیلنے پر زور دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ دونوں ملکوں کا سیریز کھیلنا انتہائی ضروری ہے، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اور بھارت کرکٹ سیریز دنیا میں سب سے دلچسپ اور ایشز سے بھی بڑی ہوتی ہے اور یہ دونوں بورڈز یلئے مالی لحاظ سے بھی بہت اہمیت کی حامل ہے۔

Leave a Reply

Back to top button