تازہ ترین

عدالت نے پولیس کو فواد چوہدری، قاسم سوری، حلیم عادل کی گرفتاری سے روک دیا

 عدالت نے پولیس کو پی ٹی آئی رہنماؤں فواد چوہدری، قاسم سوری، حلیم عادل و دیگر کی گرفتاری سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے پولیس کو پی ٹی آئی لیڈرز کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔

کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی، ان کے روبرو درخواست گزاروں کی جانب سے علی بخاری، احمد پنسوتا ایڈووکیٹ و دیگر پیش ہوئے۔

علی بخاری ایڈووکیٹ نے کہا اس کیس کو شیریں مزاری کیس کے ساتھ لگایا جائے، چیف جسٹس نے کہا وہ الگ کیس ہے اور یہ سب الگ ہیں، ایڈووکیٹ نے کہا اس کیس میں جواب جمع کرانا تھا جو ابھی تک جمع نہیں ہوا۔

وکیل نے عدالت سے کہا کہ ہمیں پتا ہی نہیں ہمارے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں اور کہاں درج ہیں؟ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ حلیم عادل شیخ کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں۔

عدالت نے وکیل درخواست گزار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا مقدمات کی تفصیل ملنا آپ کا بنیادی حق ہے۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کے لیے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 28 جون تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ دوسری طرف لانگ مارچ کے روز توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں انسداد دہشت گردی عدالت نے 17 پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button