پاکستانتازہ ترین

پاکستان کے لیے بھارت کے بعض اقدامات ناقابل قبول ہیں، بلاول بھٹو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے بھارت کے بعض اقدامات ناقابل قبول ہیں۔

عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ امن سے رہنا چاہتا ہے۔ کشمیر، اسلاموفوبیا پر بھارت کے انتہا پسندانہ مؤقف سے پیچھے ہٹنے پر ہی ایسا ممکن ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کو یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر بدلا۔نئی دہلی نے مسلم اکثریتی علاقے کو اقلیت میں بدلنےکی کوشش کی، پاکستان کے لیے بھارت کے یہ اقدامات نا قابل قبول ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، سیلاب اور بارشوں سے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ پاکستان میں سیلاب اور بارشوں سے 1 کروڑ 60 لاکھ بچے متاثر ہوئے، 6 لاکھ حاملہ خواتین کھلے آسمان تلے مدد کی منتظر ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سیلاب کے اثرات کے ساتھ اب متاثرین کو صحت کے بحران کا بھی سامنا ہے، متاثرہ علاقوں میں سیلابی پانی سے وبائی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ سیلاب سے 40 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں، پاکستان کو غذائی بحران کا بھی خدشہ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم ابھی آئی ایم ایف سے معاہدے کے تحت کچھ ادائیگی وصول کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button