تازہ تریندلچسپ و حیرت انگیز

14 روز میں 20 افراد پر حملہ ، انڈیا کا انتہائی مطلوب ” بندر” گرفتار کر لیا گیا

انڈیا کی ریاست مدھیا پردیش میں ایک بندر جس کو پکڑنے پر 21 ہزار روپے کا انعام تھا، اسے راج گڑھ کے علاقے میں دو ہفتے کی بھاگ دوڑ کے بعد بدھ کو پکڑ لیا گیا ہے۔
انڈین چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق اس بندر نے 20 افراد پر حملہ کیا تھا۔
بدھ کی شام اُجائین سے ریسکیو ٹیم کو طلب کیا گیا جس نے مقامی اہلکاروں اور اہل علاقہ کے ساتھ مل کر بھپرے ہوئے غصیلے بندر کو پکڑ لیا۔ ریسکیو ٹیم نے بندر کو ڈرون کے ذریعے ڈھونڈا، پھر اسے ڈارٹس کے ذریعے بے ہوش کرکے پنجرے میں قید کیا۔
جب فارسٹ ڈیپارٹمنٹ نے بندر کو بے ہوشی کی حالت میں پنجرے میں قید کیا تو وہاں موجود افراد نے اُن کے حق میں نعرے بازی شروع کر دی۔

علاقے میں بندر کے حملوں کی دہشت اتنی بڑھ گئی تھی کہ ایک مقامی شخص نے گھر کی چھت پر ایک مسلح گارڈ رکھ لیا تھا۔گزشتہ 14 روز کے دوران بندر نے جن 20 افراد پر حملہ کیا اُن میں آٹھ بچے بھی شامل تھے۔

حکام کے مطابق بندر چھتوں اور کھڑکیوں پر چڑھ جاتا اور اچانک لوگوں پر حملہ کر دیتا۔ زخمیوں میں کئی افراد کو گہرے زخم آئے ہیں جنہیں ٹانکے لگائے گئے ہیں۔
راج گڑھ میونسیپل کارپوریشن چیئرمین ونود ساہو نے کہا ہے کہ ’میونسپلیٹی کے پاس بندر کو پکڑنے کا کوئی ذریعہ نہیں تھا۔ ہم نے ڈسٹرکٹ کلیکٹر سے رابطہ کر کے مدد طلب کی اور اُجائین کے فارسٹ ڈپارٹمنٹ نے ریسکیو ٹیم کو طلب کیا۔ بندر کو پکڑنے میں میونسیپل سٹاف اور مقامی رہائشیوں نے مدد کی تاہم اسے پکڑنے میں چار گھنٹے لگ گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے بندر کو پکڑنے پر 21 ہزار روپے کی انعامی رقم رکھی تھی۔ ہم اب یہ رقم جانوروں کو ریسکیو کرنے والی ٹیم کو دیں گے۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button