پاکستانتازہ ترین

شاہ محمود قریشی کو عمران خان نے استعمال کیا، پلوشہ خان

پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو عمران خان نے استعمال کیا، ان کی تقریر سے ایسا لگا جیسے وہ اپنی سی وی نواز شریف کو پیش کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے کہا کہ کل شاہ محمود قریشی نے ایوان میں پالیسی بیان کی آڑ میں تقریر کی، وزیر خارجہ سے ان کی وزارت کے بارے میں سوال کرتے ہیں۔

انہوں نے پریس کانفرنس میں شاہ محمود قریشی سے سوال کیا کہ کیا وجوہات تھیں کہ کشمیر مودی کے پاس چلا گیا؟، آپ نے پاکستان کا مقدمہ لڑنے کے لئے عالمی سطح پر کیا اقدامات کئے؟، آپ امریکا کے قدموں میں گرے لیکن انہوں نے ایک فون کال تک نہیں کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے کلبھوشن کے لئے سفارتکاری اور سہولت کاری کی، قریشی صاحب نہ ہم آپ کے مرید ہیں نہ آپ کو پیر مانتے ہیں، آپ نے ان پر حملہ کیا جس کی وجہ سے آپ کونسلر بنے تھے۔

پلوشہ خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سے سازشوں کے الزامات پر آپ کو نکالا گیا، ڈپلومیسی اور چاپلوسی میں بہت فرق ہے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ پی پی کےخلاف لانگ مارچ کےخوف سے مہم چلائی جارہی ہے، تاثر دیا جا رہا ہے کہ پیپلزپارٹی ڈیل کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ اجلاس میں جذباتی تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی کا استعفیٰ ڈرامہ تھا، یہ کرسی سے چپکے رہیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قائد حزب اختلاف نے اپنی غیر حاضری کی وضاحتیں پیش کیں، عوام اور اپوزیشن کے حلقے ان وضاحتوں سے مطمئن نہیں، انہوں نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں یہ بل پیش کیا گیا، وہ اتنے معصوم اور بے خبر کیوں تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button