Welcome to HTV Pakistan . Please select the content and listen it   Click to listen highlighted text! Welcome to HTV Pakistan . Please select the content and listen it
سیاحت

ٹیکسلا کے تاریخی ورثے کے مقامات کی ترقی اور بحالی کا کام مکمل

پنجاب کے محکمہ سیاحت اور آثار قدیمہ نے 15 کروڑ روپے کے منصوبے کے تحت مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ٹیکسلا کے اطراف میں موجود متعدد تاریخی ورثے کے مقامات کی ترقی اور بحالی کا کام مکمل کرلیا۔
اومیگا نیوز کی رپورٹ کے مطابق سیکریٹری محکمہ آثار قدیمہ و سیاحت مشتاق احمد نے بتایا کہ ٹیکسلا میں عالمی ورثے پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ محکمہ مذہبی سیاحت پر بھی توجہ دے رہا ہے۔
مشتاق احمد نے کہا کہ نمک کے ذخائر ہوں یا بدھا ٹرائل، مذہبی طور پر بہت اہمیت کے حامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ٹورازم ڈپارٹمنٹ سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ بآسانی ان جگہوں کا دورہ کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ دیگر مذہبی مقامات کی طرح ناناڈنا فورٹ اور روہتاس فورٹ’ کے تحفظ اور بحالی کا کام جاری ہے۔
سیکریٹری مشتاق احمد کا مزید کہنا تھا کہ دستاویزی فلموں کے ذریعے تمام جگہوں کی تشہیر کی جارہی ہے اور کورونا وائرس کے حالات میں بہتری کے بعد محکمہ مختلف سائٹس پر میلے منعقد کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت اور آثار قدیمہ کو تھیٹر، موسیقی اور بصری فنون سے بھی فروغ دیا جاسکتا ہے۔
مذکورہ سائٹس کی تعداد سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مشتاق احمد نے کہا کہ کچھ جگہیں زیر تعمیر ہیں اور کچھ رواں سال میں مکمل ہوجائیں گی جبکہ دیگر کی تعمیر سال 2022 تک مکمل ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ ثقافتی ورثے کی بحالی اور ترقی کا منصوبہ سال 13-2012 اور رواں سال 2021 میں شروع کیا گیا تھا، جو آئندہ سال تک مکمل ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب تک منصوبے پر 14 کروڑ 70 لاکھ روپے خرچ ہوچکے ہیں جبکہ 21-2020 میں مزید 7 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے۔
انہوں وضاحت دی کہ اس اسکیم کا اہم مقصد ثقافتی ورثے کو سائنسی اور روایتی طریقوں کے ذریعے ترقی دینا اور محفوظ کرنا تھا۔
یاد رہے کہ ٹیکسلا کی وادی کو دنیا کے اہم ترین تاریخی ورثہ ہونے کی حیثیت حاصل ہے، جہاں بدمت کی انوکھی باقیات موجود ہیں، اس بحالی اور ترقی کے منصوبے سے یہاں موجود تاریخی عمارتوں کو تحفظ حاصل ہوگا ان میں ٹیکسلا میں سرکاپ، موہرا مرادو، دھرمراجیکا، بھیر ٹیلے، کالون، گیری، کنالہ اسٹوپا، بھلر اسٹوپا جبکہ اٹک میں مانکیالہ اسٹوپا، راوت قلعہ، لالہ رخ قبر، حسن آبادل اور ٹیکسلا میوزیم کیمپس شامل ہیں۔

Leave a Reply

Back to top button
Click to listen highlighted text!