سپورٹس

پاکستان آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز، پہلا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم

ویب ڈیسک: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جانے والا ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔
تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا. میچ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
پاکستان کی جانب سے بابراعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن فخرزمان پہلے اوور کی دوسری گیند پر ہی صفر پر مچل اسٹارک کی بال پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
فخرزمان کے بعد حارث سہیل بھی محض 4 سکور بنا کر رچرڈ سن کی بال پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 33 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی۔
ٹاس ہونے کے بعد ہی بارش ہو گئی جو کچھ ہی دیر میں تھم گئی تاہم میچ کا آغاز مقررہ وقت پر کیا گیا۔ اس کے بعد میچ کے دوران ایک بار پھر بارش شروع ہو گئی، بارش رکنے کے بعد میچ 15 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔
جب میچ کا دوبارہ آغاز ہوا تو آصف علی اپنے اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرنے کے بعد 11 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ عماد وسیم بھی پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
مقررہ 15 اوورز میں قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے تاہم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو جیت کے لیے 119 رنز کا ہدف ملا۔
بابراعظم نے بطور کپتان بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، وہ 38 گیندوں پر 5 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور رچرڈسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور کپتان ایرون فنچ نے اننگز جارحانہ آغاز کیا اور 3 اعشاریہ ایک اوور میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 41 رنز بنائے تھے کہ میچ ایک بار پھر بارش کے باعث روک دیا گیا۔
مسلسل بارش کے باعث امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا اور اس طرح دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔
واضح رہے 3 میچز کی اس سیریز دوسرا 5 اور آخری 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت بابر اعظم جب کہ آسٹریلوی ٹیم کی سربراہی ایرون فنچ کر رہے ہیں.
3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے بعد قومی ٹیم آسٹریلیا سے 2 ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی۔ ٹیسٹ سیریز کی قیادت اظہرعلی کریں گے.

Leave a Reply

Back to top button