تازہ ترین

قوم فیصلہ کرے گی کہ کون اس ملک کی قیادت سنبھالے گا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جب تک زندہ ہوں میانوالی کو نہیں بھولوں گا، 20 مئی کے بعد اسلام آباد آنے کی کال دوں گا، قوم کو فیصلہ کرنے دو کون اس ملک کی قیادت سنبھالے گا۔

میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نہ کوئی کنٹینر آپ کو روکے گا،نہ راناثناء اللّٰہ آپ کو روکے گا، نہ جوتے پالش کرنے والا چیری بلاسم آپ کو روکے گا۔

عمران خان نے کہا کہ اچھا لگتا ہے جب یہ ڈاکو مجھے نیازی کہتے ہیں، تم غلام ہوگے ہم غلام نہیں ہیں، قوم آج اسی چیز پر کھڑی ہے دوستی سب سے کریں گے غلامی کسی کی نہیں کریں گے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا ہمیں تمھاری معافی کی ضرورت نہیں ہے، عظیم قوم چور زرداری ،شہباز، حمزہ شہباز کی غلامی نہیں کرے گی، کسی صورت ان چوروں کو اپنے اوپر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں، تم کہیں بھی چلے جاؤ چور اور غدار کی آواز آئے گی۔

عمران خان نے کہا کہ شہباز گل پر کل موٹر وے پر حملہ کروایا گیا، پی ٹی آئی کے کسی کارکن کو ہاتھ لگایا تو تھری اسٹوجز اور ان کے ہیڈلرز ذمہ دار ہوں گے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں کبھی عوام کا اتنا بڑا سمندر نہیں آیا ہوگا، یہ سمجھتےہیں قوم تھک جائےگی، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، میانوالی میں کبھی اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا۔

عمران خان نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوؤں نے سازش کرکے ہماری حکومت گرائی، کوئی بتائے عمران خان نے باہر جائیدادیں بنائیں، اگر میں بھی باہر جائیدادیں بناتا تو ان کی طرح جوتے پالش کر رہا ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں احتجاج پرامن ہوگا، احتجاج میں عورتیں اور بچے بھی آئیں گے، اگر احتجاج روکنے کی کوشش کی ،تو جو ہوگا اس کے ذمہ دار آپ ہوں گے، قوم کو صرف اس لیے بلا رہا ہوں کہ معاملہ پاکستان کا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ چاہتا ہوں سب اسلام آباد آکر پیغام دیں غلامی نا منظور، الیکشن کراوؤ، پاکستان میں حکومت کسے بنانی ہے یہ فیصلہ امریکا نہیں کرےگا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پنجاب میں ہماری حکومت نوٹوں اور لوٹوں سے گرائی گئی، لوگوں نے اپنے ضمیر بیج کر بیرونی سازش کو کامیاب کیا، انصاف کے اداروں سے پوچھتا ہوں کیا آپ کو اس پر از خود نوٹس نہیں لینا چاہیے تھا۔

عمران خان نے کہا کہ جو اسلام آباد نہیں آسکتے تو آپ نے اس دن میانوالی میں احتجاج کرنا ہے، میں تحریک انصاف کو نہیں پوری قوم کو اسلام آباد بلا رہا ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کبھی دنیا کے کسی ملک میں سنا ہے کہ کوئی ایک پارٹی کے ٹکٹ پر جیتے اور دوسری پارٹی کے پاس جائے، عدالتیں رات 12 بجے کھل سکتی ہیں تو ان چوروں کو کیوں ڈس کوالیفائی نہیں کیا جاسکتا؟

عمران خان نے کہا کہ یہ ضمیر فروش کسی بھی حلقے میں آئیں تو آپ نے ان کا بندوبست کرنا ہے، ان ضمیرفروشوں کو وہ سبق سکھانا ہے کہ ساری زندگی لوٹ ووٹ اور ضمیر بیچنے سے ڈریں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جب بھی حق اور باطل، سچ اور جھوٹ کا مقابلہ ہو تو حق اور اچھائی کا ساتھ دینے کا اللّٰہ کا حکم ہے، نیوٹرل جانور ہوتا ہے انسان نیوٹرل نہیں ہوتا، جب شیر کسی ہرن کا شکار کرتا ہے تو باقی بھاگ جاتے ہیں کیوں کہ وہ نیوٹرل ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button