خبریںپاکستان سے

پنجاب میں انٹر کے امتحانات کا آغاز، لاہور میں 462 امتحانی مراکز قائم

پنجاب میں انٹر کے امتحانات کا آغاز ہوگیا۔ لاہور میں امیدواروں کیلئے 462 امتحانی مراکز قائم کئے گئے جبکہ سینٹرز کے باہر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

چیرمین لاہور بورڈ کا کہنا ہے کہ امتحانات کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں، بوٹی مافیا اور بیرونی عناصر کے خلاف سخت کارروائی کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا، دوران امتحانی اوقات لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی لیسکو چیف کو درخواست کی گئی ہے، تمام موبائل انسپکٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کے طلبا و طالبات کے لیے حاصل پور، چشتیاں، رحیم یار خاں، حرنولی پور، ڈی جی خاں، فاضل پور اور لاہور جند میں ایک ایک امتحانی مرکز قائم کیا گیا، ضلع قصور میں لڑکیوں کے لیے 37، لڑکوں کے لئے 32، ضلع شیخوپورہ میں لڑکیوں کے 33 اور لڑکوں کے 25 سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

ادھر خیبرپختونخوا میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات شروع ہوگئے، صوبہ بھر کے تمام 8 بورڈز کے 14 لاکھ 15 ہزار 360 امیدوارامتحانات میں شرکت کریں گے، آج پہلا پرچہ جماعت دہم کا لیا جا رہا ہے۔ کورونا وائرس کے باعث امتحانات کو صرف اختیاری مضامین تک محدود کر دیا گیا ہے۔ میٹرک کے چار اور انٹر کے تین مضامین میں امتحان لیا جا رہا ہے۔

محمکہ تعلیم کے مطابق امتحانی ہالوں میں نقل کی روک تھام کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں، صوبے میں 2 ہزار جبکہ پشاور میں تقریباً 960 ہالز میں امتحان لیا جائے گا جبکہ امتحانی عملے کی ڈیوٹی کورونا ویکسینشن سے مشروط کر دی گئی۔ ہالز میں موبائل فون اور دیگر برقی آلات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔

Leave a Reply

Back to top button