تازہ ترینخبریںپاکستان سے

پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال، پمپس بند، عوام پریشان

کچھ شہری تو کلفٹن سے پیٹرول ڈھونڈتے ڈھونڈتے لیاقت آباد پہنچ گئے مگر پیٹرول نہیں ملا اور جو پیٹرول تھا اس سے بھی ہاتھ دھونا پڑ گیا۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے منافع کے مارجن کو بڑھانے کے لیے ملک بھر میں ہڑتال کر دی، پیٹرول پمپس بند ہونے سے شہریوں کو دشواری کا سامنا ہے، بعض سرکاری اور نجی پمپس پر پیٹرول کی فراہمی جاری ہے۔

ڈیلرز کا مطالبہ ہے کہ اُن کے منافع کا مارجن بڑھا کر 6 فیصد کیا جائے، منافع بڑھانے تک حکومت سے مذاکرات بھی نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہیں کیئےاس لیئے آج سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ جب تک ڈیلر مارجن 6 فیصد نہیں کیا جاتا مذاکرات نہیں ہوں گے، حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

ترجمان وزارتِ پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پی ایس او، شیل، ٹوٹل اور دیگر کمپنیوں کے تمام پیٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیٹرول کی فراہمی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی، عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔

کراچی میں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث شہر میں پیٹرول پمپس پر ملا جلا رجحان پایا جاتا ہے، شاہراہِ فیصل اور صدر کے علاقے میں کچھ پیٹرول پمپس بند اور کچھ کھلے ہیں۔

گزشتہ روز سے پیٹرول پمپس پر شہریوں کا رش ہے ، لوگوں نے رات گئے پیٹرول پمپس پر لائن میں لگ کر پیٹرول بھروایا۔

کراچی میں اکثر پیٹرول پمپس بند ہیں، جو پمپس کھلے ہیں وہاں گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں، گاڑی، موٹر سائیکل کے ساتھ شہری بوتلوں میں بھی پیٹرول بھر کر لے جا رہے ہیں۔

بعض ایسی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں کہ دودھ سپلائی کی بالٹیوں میں بھی لوگوں نے پیٹرول بھر وا کر ذخیرہ کر لیا۔

لوگوں کے رش، ٹنکیاں فل کرانے اور مختلف کینز وغیرہ میں ذخیرہ کرنے کے باعث اکثر پیٹرول پمپس پر پیٹرول ہی ختم ہو گیا جس کی وجہ سے بھی بیشتر پیٹرول پمپ بند ہو گئے۔

کچھ شہری تو کلفٹن سے پیٹرول ڈھونڈتے ڈھونڈتے لیاقت آباد پہنچ گئے مگر پیٹرول نہیں ملا اور جو پیٹرول تھا اس سے بھی ہاتھ دھونا پڑ گیا۔

بعض شہری رکشے وغیرہ سے اپنی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں ٹو کروا کر گھر اور منزل پر پہنچے، پیٹرول نہ ملنے کی وجہ سے شہریوں کو بہت پریشانی کا سامنا ہے۔

شہریوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر ناجائز منافع خور پیٹرول من پسند قیمت پر فروخت کر کے خوب پیسے بٹور رہے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس سے جڑواں شہر راولپنڈی کے بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں۔

پشاور میں بھی آج سے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاجاً پیٹرول پمپس بند ہیں، ایسو سی ایشن کے مطابق مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔

سرگودھا میں بھی پیٹرول پمپ مالکان کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کی گئی ہے۔

سرگودھا کے پیٹرول پمپس مالکان کامطالبہ ہے کہ حکومتی وعدے کے مطابق ڈیلرز کمیشن 6 فیصد تک بڑھایا جائے۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے صدر ندیم خان کے مطابق گوجرانوالہ میں ہڑتال غیر معینہ مدت کے لیے ہے، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔

کراچی سمیت ملک میں کہاں کہاں پیٹرول پمپ کھلے ہیں اور ان پر پیٹرول دستیاب ہے، اس حوالے سے پیٹرولیم کمپنیوں نے فہرست جاری کر دی ہے۔

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور شیل کی جانب سے ملک بھر میں کمپنی کی زیرِ ملکیت کھولے گئے پیٹرول پمپس کی فہرست جاری کی گئی ہے۔

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی جانب سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق اس کے کراچی میں 7 مقامات پر پیٹرول پمپ کھلے ہیں۔

پی ایس او کی فہرست کے مطابق کراچی میں کلفٹن روڈ، عبداللّٰہ شاہ غازیؒ کے مزار کے قریب، خیابانِ اتحاد، کورنگی، مین کورنگی روڈ، نارتھ ناظم آباد بلاک اے اور کے ڈی اے ورکشاپ شارعِ فیصل پر واقع پیٹرول پمپ کھلے ہوئے ہیں جہاں پیٹرول دستیاب ہے۔

شیل کی جانب سے بھی شہرِ قائد میں 7 مقامات پر پیٹرول پمپ کھلے ہوئے ہیں۔

شیل کی جاری کی گئی فہرست کے مطابق کراچی میں عسکری مین راشد منہاس روڈ، ایم اے جناح روڈ، خیابانِ بحریہ ڈیفنس فیز 5، سن سیٹ بلیوارڈ ڈیفنس فیز 2، کلفٹن بلاک 8، مین سپر ہائی وے گیٹ اور شارعِ فیصل پر واقع پیٹرول پمپس پر پیٹرول دستیاب ہے۔

Leave a Reply

Back to top button