Uncategorized

کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے 350 کارکن رہا

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے 350 کارکنوں کو رہا کردیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کالعدم تنظیم سے مذاکرات کی کامیابی کا اعلان کیا اور کہا کہ منگل یا بدھ تک کالعدم تنظیم کے خلاف کیسز واپس لیں گے۔
کالعدم تنظیم کے مظاہرین نے حکومت سے مذاکرات کے بعد مریدکے میں پڑاؤ ڈال دیا ہے۔تاہم اب وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کے 350 کارکنوں کو رہا کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی سے انڈرسٹینڈ نگ کے تحت مریدکے سے سڑک دونوں اطراف سے کھولے جانے کے منتظر ہیں۔


وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، ہم نے ان کے اب تک 350 کارکنوں کو رہا کردیا جبکہ احتجاجی شرکا اسلام آباد کی طرف مارچ نہیں کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ ٹی ایل پی سے تفصیلی مذاکرات ہوئے، وزیراعظم کو تمام صورتحال سے آگاہ کرتا رہا، سعد رضوی سے ون آن ون ملاقات ہوئی ہے، مذاکرات میں فرانسیی سفیر کے حوالے سے کھل کر بات ہوئی، اس وقت پاکستان میں فرانس کا سفیر نہیں، فرانس کے معاملے کو اسمبلی میں لے کر جائیں گے، ان کا اعتراض درست تھا کہ چھ ماہ سے ان کے معاملے کو نہیں دیکھا جا سکا، منگل یا بدھ تک ان کے کیسز واپس لیے جائیں گے، احتجاجی قافلے نے منگل تک مریدکے میں پڑاؤ کرنا ہے، انتظامیہ کو کینٹینر ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا وزیر داخلہ ختم نبوت کا سپاہی ہے، مذہبی لوگوں سے ٹکراؤ نہیں ہونا چاہیے، امن و امان کو بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، امید ہے حالات بہتر ہوجائیں گے، حکومت کا کام نہیں جوڈو کراٹے کرے، ریاست کا کام ڈںڈا چلانا نہیں ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں آبادی کا سمندر ہے، اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ کینٹینر ہٹادیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ایٹمی ریاست ہے اس پر عالمی دباؤ ہے، ایف اے ٹی ایف میں بھی پاکستان کا ایک پوائنٹ رہتا ہے، ہمیں عالمی مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے عام آدمی متاثر ہورہا ہے، احتجاج سیاسی پارٹیوں کا حق ہے، ہر سال پی ڈی ایم نومبر اور دسمبر کو مشقیں کرتی ہیں، جنوری تک سکون ہوجاتا ہے، ہمیں سوا 3 سال ہوگئے ہیں اور ہم اپنی مدت پوری کریں گے، پی ٹی آئی آئندہ الیکشن بجٹ دے گی، میری ہمدردی عمران خان کے ساتھ ہے ، ان کے ساتھ آیا ہو ان ہی کے ساتھ جاؤں گا۔
ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹی فکیشن کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ان کا خیال تھا کہ گزشتہ جمعے تک نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا نوٹی فکیشن ہوجائے گا لیکن ایسا نہیں ہوسکا، بلا شبہ اس وقت لیفٹیننٹ جنرل فیض ہی ڈی جی آئی ایس آئی ہیں، بحیثیت وزیر داخلہ مجھ سے ایسے ہی سوال پوچھے جائیں جو میرے دائرہ کار میں ہوں، اس حوالے سے وزیر اطلاعات سے پوچھا جائے۔

Leave a Reply

Back to top button