خبریں

کانگو میں چھوٹا جہاز گر کر تباہ، 23 افراد ہلاک

ویب ڈیسک: افریقی ملک عوامی جمہوریہ کانگو میں چھوٹا جہاز گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک ہوگئے۔
جہاز گرنے کا واقعہ کانگو کے شہر گوما کے گنجان آباد علاقے میں پیش آیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق مطابق گوما کے ریسکیو سروس کے کوآرڈینیٹر جوزف ماکُنڈی نے بتایا کہ اب تک ہم 23 لاشیں جہاز کے ملبے سے نکال چکے ہیں۔
خیال کیا جارہا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں جہاز میں موجود تمام افراد کے علاوہ زمین پر موجود کچھ افراد بھی شامل ہیں۔
تصاویر میں حادثے کی جگہ سے کالا دھوا اٹھتے اور وہاں مقامی افراد کو جمع دیکھا گیا۔
گوما ایئرپورٹ کے عہدیدار رِچرڈ مَنگولوپا نے بتایا کہ حادثے میں جہاز میں موجود کسی شخص کے زندہ بچنے کے امکانات نہیں ہیں۔
ڈورنیئر 228 جہاز نے گوما سے 350 کلومیٹر شمال میں واقع شہر بینی کے لیے اڑان بھری تھی اور کانگو کے مشرق میں ایئرپورٹ کے قریب رہائشی علاقے میں جہاز گر کر تباہ ہوا۔
بِزی بی ایئرلائن کے عملے کے رکن کا کہنا تھا کہ جہاز میں 17 مسافر اور عملے کے 2 اراکین شامل تھے۔
یہ ایئرلائن حال ہی میں قائم ہوئی ہے اور اس کے تین جہاز شمالی صوبے کیوو میں پرواز کرتے ہیں۔
مقامی نیوز ویب سائٹ نے کمپنی کے ایک مینٹیننس ورکر کے حوالے سے کہا کہ ‘حادثہ جہاز میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا۔’

Leave a Reply

Back to top button