خبریںپاکستان سے

کوئی طاقت کشمیر کو آزاد ہونےسے نہیں روک سکتی: عمران خان

ویب ڈیسک: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کلمہ پڑھنےوالا انسانوں کے آگے نہیں جھکتا،اللہ سے امید رکھتاہے، انشاللہ کوئی بھی طاقت کشمیر کو آزاد ہونےسے نہیں روک سکتی۔ مقبوضہ کشمیر میں جیسے ہی کرفیو اٹھے گا انسانوں کا سمندر آزادی کیلئے باہر نکلے گا.
وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان میں آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم دعویٰ کرتے ہیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، گلگت بلتستان کے لوگوں نے ڈوگرہ راج کیخلاف آزادی کی جنگ لڑی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا تھا اور اللہ کا خاص تحفہ ہے ، گلگت بلتستان کے یوم آزادی پر گلگت آیا ہوں، مسلمانوں کے عظیم قوم بننے پر جو بنیاد رکھی گئی اس پر چلنا ہے، جتنا زور انصاف کےلئے دیں گے اتنا اللہ ہم پر عدل کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ غیرت مند انسان سوائے اللہ کے کسی کی غلامی قبول نہیں کرتا، پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، پاکستان کی قوم دنیا میں ایک مثال بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھائی بہن بزرگ بچے 3 ماہ سے کرفیو بھگت رہےہیں، کشمیریوں کو انسانوں نہیں جانوروں کی طرح رکھا ہوا ہے، بھارت کی 9لاکھ فوج نے کشمیریوں کو بند کررکھا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو پیغام ہے پاکستانی آپکےپیچھے ہیں آپ کیلئے دعائیں کررہےہیں، کشمیریوں کا سفیر اور وکیل ہوں، پوری دنیا میں کشمیریوں کی وکالت کروں گا،و گلگت کے لوگ جنگ نہ لڑتے تویہ بھی آج مودی کےظلم کا شکار ہوتے، موت کا خوف ختم ہوجاتا ہے تو وہ بڑا انسان بن جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مدینہ ریاست کے اصولوں پر چل کر عظیم قوم بننا ہے ، پہلی بار اسکول والوں کیساتھ 52سال پہلے گلگت آیاتھا، مجھے یاد ہے گلگت سے ہنرہ جاتے ہوئے ڈر تھا جیپ نیچےنہ گر جائے، اللہ کا شکر ہے کہ گلگت بلتستان کا علاقہ کھل گیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان چین کو پاکستان سے ملاتا ہے، گلگت بلتستان کے یوم آزادی میں شرکت پر فخر ہے ، اللہ کا شکر ہے گلگت کے لوگوں پر آج وہ نہیں گزر رہی جو کشمیر میں ہے.
عمران خان نے کہا کہ جو خوبصورتی گلگت بلتستان میں ہے دنیا میں کہیں نہیں، سیاحوں کےلئے پاکستان کو کھول دیا ہے، پاکستان ،گلگت بلتستان میں کئی گنا زیادہ سیاحت کو فروغ ملے گا، گلگت بلتستان سی پیک کا گیٹ وے ہے۔
انہوں نے کہا کہ نریندرمودی 5 اگست کو آخری پتہ کھیل چکا ہے ، جیسے ہی کرفیو اٹھے گاانسانوں کا سمندر آزادی کیلئے باہر نکلے گا، انشاللہ کوئی بھی طاقت کشمیر کو آزاد ہونےسے نہیں روک سکتی۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج سمیت آپ سب کا شکر گزار ہوں، آج سپر پاور بھی دہشتگردی کیخلاف جنگ نہیں جیت سکے ، پاک فوج اور 1947 کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتاہوں، پاک فوج نے دہشت گردی کیخلاف کامیابی سے جنگ جیتی۔

Leave a Reply

Back to top button