سپورٹس

کین ولیمسن کا ٹیسٹ درجہ بندی میں دوسرا نمبر

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں 130 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر آئی سی سی کی ٹیسٹ درجہ بندی میں انگلینڈ کے جوروٹ اور انڈیا کے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری تازہ درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے بلے باز ڈین ایلگر کیریئر کی بہترین گیارھویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ سری لنکا کے دلروان پریرا، جنوبی افریقہ کے کیشیو ماراج اور بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز نے باؤلنگ میں اپنی پوزیشن بہتر کرلی ہے۔

جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ جبکہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے بعد جاری کی گئی درجہ بندی میں آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ بدستور بلے بازوں کی فہرست میں نمبرایک ہیں تاہم جوروٹ اور ویرات کوہلی کی ایک پوزیشن تنزلی ہوئی ہے۔

جوروٹ تیسرے اور کوہلی چوتھے نمبر پر موجود ہیں، آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر سرفہرست پانچویں بلے باز ہیں۔

پاکستان کے اظہرعلی اور سابق کپتان یونس خان بدستور ساتویں اور آٹھویں نمبر پر ہیں تاہم چھٹے نمبر پر ہندوستان کے چتیشور پجارا ہیں۔

جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ، اے بی ڈی ولیئرز اور ڈین ایلگر بالترتیب 9،10 اور 11ویں نمبر پر موجود ہیں۔

آئی سی سی کی ٹیسٹ درجہ بندی میں سرفہرست باؤلرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، یاسر شاہ کا 17 واں نمبر ہے۔

باؤلنگ کی درجہ بندی میں ہندوستان کے روی چندرن ایشون اور جدیجا بدستور پہلے نمبر پر ہیں، آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ تیسرے، رنگنا ہیراتھ چوتھے اور جنوبی افریقہ کے کگیسو رابادا پانچویں نمبر پر ہیں۔

دیگر باؤلرز میں جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین چھٹے، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن ساتویں، اسٹورٹ براڈ آٹھویں، جنوبی افریقہ کے ورنن فلینڈر نویں اور نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر سرفہرست دسویں باؤلر ہیں۔

سری لنکا کے پریرا، بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز اور جنوبی افریقہ کے کیشیو ماراج نے بالترتیب 14، 36 اور 52 ویں پوزیشن حاصل کرلی جو ان کے کیریئر کی بہترین پوزیشن ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں انڈیا کے ایشون بدستور پہلے اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جدیجا تیسرے اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک کا نمبر چوتھا ہے جبکہ پانچویں نمبر پر انگلینڈ کے بین اسٹوکس ہیں۔

Leave a Reply

Back to top button