دلچسپ و حیرت انگیز

کیکڑا جو 70 لاکھ روپے میں فروخت ہوا

ویب ڈیسک: جاپانی شہر ٹوٹوری میں دنیا کا سب سے مہنگا برفانی کیکڑا 70 لاکھ روپے میں فروخت ہوگیا جو صرف چند مخیّر حضرات کی پلیٹوں میں سجے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپان کے شہر ٹوٹوری کے ایک بازار میں سوا کلو وزنی برفانی کیکڑا (اسنو کریب) فروخت کےلیے لایا گیا تو لوگوں کی دلچسپی کی وجہ سے اس کی بولی لگانی پڑی۔
کیکڑے کے مالک نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ انہیں برفانی کیکڑے کے 27 ہزار ڈالر یعنی 30 لاکھ ین میں فروخت ہونے کی امید تھی تاہم ٹیٹسو جی ہاماشیٹا نے اس کی آخری بولی 46 ہزار ڈالر یعنی 50 لاکھ ین کی لگائی اور کیکڑا خرید لیا جو خود ایک عالمی ریکارڈ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج تک اتنی بڑی قیمت میں کیکڑا فروخت نہیں ہوا. مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق کیکڑے کی لمبائی 14.6 سینٹی میٹر ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انتہائی مہنگی قیمت پر فروخت ہونے والے اس کیکڑے کو ملک کے مہنگے ترین ریسٹورنٹ میں کھانے کےلیے پیش کیا جائے گا لیکن یہ صرف چند امیر افراد کی پلیٹوں میں ہی سجے گا۔
واضح رہے کہ جاپان میں برفانی کیکڑے ایک مرغوب اور مہنگی غذا کا درجہ رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر سال برفانی کیکڑوں کی تلاش کا ایک دور چلتا ہے اور اس سال وہ سلسلہ رواں ہفتے شروع ہوا ہے اور آج اس سلسلے کی پہلی نیلامی ہوئی ہے۔ یہ کیکڑے اوساکا اور ہیروشیما کے وسط میں واقع ہونشو کے علاقے کے قریب پائے جاتے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 46 ہزار ڈالر میں فروخت ہونے والے کیکڑے کو جاپانیوں نے روشن ستارے کا اعزاز دیا ہے جس کی وجہ اس کی خاص شکل، بلند معیار، لمبے پاؤں اور لذیذ گوشت ہے۔

Leave a Reply

Back to top button