تازہ ترینجرم کہانی

خودکش حملہ آور خاتون بمبار کے آبائی گھر کا سراغ لگا لیا گیا

جامعہ کراچی ميں خود کش حملے میں سنسنی خیز انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی کے علاقے اسکيم تينتيس ميں خودکش بمبار شاری بلوچ کے آبائی گھر کا سراغ لگالیا۔ کارروائی کے دوران گھر سے لیپ ٹاپ اور اہم دستاویزات قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔

حساس اداروں کی جانب سے بدھ 27 اپریل کو رات گئے کراچی کے علاقے اسکیم 33 میں واقع شاری بلوچ کے آبائی گھر پر چھاپا مارا۔ اطلاعات کے مطابق چھاپے کے دوران گھر سے اہم دستاویزات تحویل میں لینے کے بعد گھر سیل کردیا گیا ہے۔ گھر شاری بلوچ کے والد کا بتایا جاتا ہے۔ گھر میں بلوچستان کی سرکاری نمبر پلیٹ کی گاڑی سے آمدورفت ہوتی تھی، اسی گھرمیں خاتون بمبار کی بہن کی شادی ہوئی تھی۔

اسی روز محکمہ انسداد دہشت گردی سندھ کی جانب سے گلستان جوہر ميں اس کے شوہر کا گھر سيل کيا گيا تھا، جو انہوں نے 4 سال سے کرائے پر لے رکھا تھا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فلیٹ کو بھی تلاشی کے بعد سیل کردیا ہے۔ اہل محلہ کے مطابق دونوں گھروں ميں بلوچستان حکومت کی سرکاری گاڑيوں کی آمد و رفت رہتی تھی۔ پڑوسیوں کے مطابق ایک دفعہ حملہ آور کا شوہر بلوچستان کی سرکاری نمبر پلیٹ کی گاڑی میں گھر بھی آیا تھا۔

پڑوسیوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ کئی کئی روز یہ اپارٹمنٹ بند رہتا تھا اور خاتون کا شوہر بھی فلیٹ میں کم چکر لگایا کرتا تھا۔ تفتیشی حکام کے مطابق تھری بیڈ ڈی ڈی اپارٹمنٹ تیس ہزار روپے کرائے پر لے رکھا تھا۔ شازی بلوچ کے چھ بہن بھائی ہيں، ايک اور بہن پی ايچ ڈی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خاتون حملہ آور کا شوہر حملے کا ماسٹر مائنڈ ہو سکتا ہے۔

خودکش بمبار خاتون کا شوہر بھی گرفتار ہوا ہے یا نہیں اس حوالے سے وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے تصدیق یا تردید سے گریز کیا ہے۔ خاتون کا شوہر جناح اسپتال کے قریب ہوٹل میں مقیم تھا، وہ دھماکے سے پہلے ہی بچوں سمیت غائب ہوگیا۔ واضح رہے کہ حملہ آور خاتون کو جامعہ کراچی لانے والا رکشا ڈرائیور بھی پکڑا گیا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button