تازہ تریندنیا

چین کیخلاف امریکا، آسٹریلیا، جاپان اور بھارت کا ایکا

ایشیا پیسفک خطے میں چین کی بڑھتی طاقت کو ختم کرنے کے لیے امریکا، آسٹریلیا، جاپان اور بھارت کے اعلیٰ سفارت کاروں نے میلبورن میں اپنے چار رکنی اتحاد (کواڈ) کو مزید مضبوط کرنے کے لیے مذاکرات کا آغاز کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کے مطابق آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے بات چیت کا آغاز چین کے ساتھ اپنے کشیدہ تعلقات کی جانب مبہم اشارہ دے کر چاروں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ میں اس گروپ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے دورے پر موجود عہدیداروں کو بتایا کہ ’ہم ایک انتہائی نازک، بے ربط اور مسابقت سے بھرپور دنیا میں رہتے ہیں، ہم ان لوگوں کے خلاف کھڑے ہوں گے جو ہم پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں۔

اسکاٹ موریسن نے چین کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ ایک بہت خوش آئند بات ہے کہ آسٹریلیا پر کیے جانے والے جبر اور دباؤ کا کواڈ کے دیگر تینوں ساتھی اراکین کو اندازہ ہے۔

امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ اگرچہ اس وقت امریکا کی نظر روس کی جانب سے یوکرین کو درپیش خطرے پر ہے، لیکن طویل المدتی مسئلہ چین کی ابھرتی ہوئی طاقت ہے۔

اس موقع پر انہوں نے ‘دی آسٹریلین’ اخبار کو بتایا کہ ’میرے ذہن میں اس حوالے سے کوئی شک نہیں ہے کہ چین کے عزائم وقت کے ساتھ ساتھ نہ صرف خطے میں بلکہ پوری دنیا میں ایک سرکردہ فوجی، اقتصادی، سفارتی اور سیاسی طاقت بننا ہے۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button