تازہ ترینفن اور فنکار

‘پاکستان آتے ہوئے جینز ٹاپ پہننے پر بہنوں نے منع کیا تو انہیں بتایا کہ ادھر یہ چلتا ہے’

بولی وڈ فلموں میں اچھی کہانی کی کمی سے متعلق بات کرتے ہوئے، پاکستان کے دورے پر آئیں بھارتی اداکارہ ممتاز نے کہا کہ جب میں پاکستان آرہی تھی تو جینز اور ٹاپ پہنا تھا، جس پر میری بہنوں نے مجھے کہا کہ ’ارے جینز پہن رہی ہو کیا پاکستان میں یہ چلے گا؟ جس پر میں نے کہا کہ کیوں نہیں چلے گا، یہاں تو سب لڑکیاں جینز پہنتی ہیں، اس حساب سے اب بھی پاکستان بہت اچھا ہے‘۔ فلموں میں عریانی سے متعلق انکا کہنا تھا کہ زمانے کے ساتھ لوگ اور کہانیاں بدل چکی ہیں، اب لوگ فلموں میں فائٹنگ سین (لڑائی جھگڑے) پر زیادہ توجہ دیتے ہیں، لیکن حال ہی میں شاہ رخ خان کے علاوہ دیگر چند اسٹارز کی فلموں نے باکس آفس میں کروڑوں روپے کمائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کی فلموں میں ڈانس اور گانے کا اسٹائل بدل گیا ہے، اب چونکہ وقت بدل گیا ہے آج کی فلموں میں فائٹنگ اور اسٹنٹ کے سین پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔ بولی وڈ فلموں میں اسٹنٹ کے سین پر خرچے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آج تو ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے، میں اپنے زمانے میں جب ساڑھے 7 لاکھ روپے لیتی تھی آج تو اتنے پیسوں میں جھونپڑی بھی نہیں ملتی، میرے گھر کا نوکر 7 لاکھ میں ایک بیڈروم بھی نہیں لے سکتا۔‘

پروگرام کے دوران دیپک پروانی نے سوال پوچھا کہ ’گزشتہ 50 سالوں کے دوران بولی وڈ سنیما میں ایک عورت کا کردار اسکرپٹ، ڈائیلاگ ڈیلوری، کپڑوں کے ڈیزائن کے لحاظ سے بہت اچھا ہوگیا ہے یا تنزلی ہوتی جارہی ہے؟‘

جس پر ممتاز نے کہا کہ ’یہ کردار پر منحصر ہے کہ وہ عورت کونسا کردار کر رہی ہے، اگر ماں کا کردار ہوگا تو وہ بولڈ کپڑے نہیں پہن سکتی، غریب عورت کا کردار ہوگا تو اسی طرح کپڑے پہننے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے زمانے میں زیادہ بولڈ کپڑے نہیں پہنتے تھے لیکن آجکل لڑکیاں پہن رہی ہیں، آجکل بولڈ لباس چلتا ہے تو چلنے دیں، کیا کریں، یہ لوگ پیسا کمانا چاہتے ہیں، اب گھر میں تو فلم کو نہیں رکھیں گے۔ممتاز نے کہا کہ ’معافی چاہتی ہوں، برا مت مانیں لیکن پاکستان میں بھی اداکارائیں بولڈ لباس پہننا شروع ہوگئی ہیں، پہلے زمانے میں بہت سختی تھی، شاید وہاں کے لوگوں کو دیکھ کر یہاں بھی یہ ٹرینڈ شروع ہوگیا ہے۔

بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ’بولی وڈ میں آج بھی ساڑھی پہنی جاتی ہے لیکن کچھ لوگ اسکرین پر بہت زیادہ بولڈ لباس پہنتی ہیں، پاکستان میں بھی چند فلموں میں لڑکیوں نے بہت بولڈ لباس پہنا ہوا تھا، وقت بدل رہا ہے۔بولی وڈ فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے سے متعلق نوجوان اداکاروں کو مشورہ دیتے ہوئے ممتاز نے کہا کہ ’فلم میں آنے کے لیے خوبصورت ہوں، اچھی جسامت اور قد کے ساتھ اداکاری اور ڈانس کرنے کی بھی صلاحیت ہونی چاہیے، اگر یہ تمام صلاحیتیں آپ کے اندر ہیں تو آپ کو کوئی نہیں روک سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button