خبریںپاکستان سے

ہم پر یو ٹیوب چینلز کی بلا نازل ہو گئی ہے: فواد چوہدری

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پہلے ٹی وی چینلز کے درمیان ریٹنگ کی دوڑ لگی ہوئی تھی، اب ہم پر یو ٹیوب چینلز کی بلا نازل ہو گئی ہے.
اسپیکر قومی اسمبلی کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوا تو وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے رولز معطل کرنے کی تحریک پیش کی جو منظور کرلی گئی۔
فواد چوہدری نے ایک ٹی وی اینکر کو تھپڑ رسید کرنے کے معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دو دن پہلے ایک اینکر نے اپنے یو ٹیوب چینل پر پروگرام کیا اور میرے اور دیگر کے بارے میں الزامات لگائے، میں نے پوچھا کہ آپ ویڈیو دکھائیں تو اینکر نے کہا کہ ویڈیو میرے پاس نہیں کسی اور کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا مسئلہ ہے، میں نے اس اینکر سے کہا کہ شاید آپ کے اپنے گھر میں آپ کی ماں، بہنوں کا احترام نہ ہو لیکن ہمارے گھروں میں ہے، جب آپ ریٹنگز کے لیے کسی کی پگڑی اچھا لیں گے اور اس کا کوئی مداوا نہیں ہو گا تو کیا یہ الیکشن لڑنے کی شرط ہے کہ ہم اپنی عزت چوک پر رکھ کر آئیں کہ آتا جاتا آدمی ہمیں چھتر مارے۔
فواد چوہدری نے اسپیکر سے درخواست کی کہ اس معاملے کا نوٹس لیا جائے، ایوان کی ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں اپوزیشن اراکین بھی شامل ہوں، کمیٹی یہ دیکھے کہ میڈیا سے متعلق قوانین پر عملدرامد کیوں نہیں ہو رہا، پی ٹی اے، ایف آئی اے کا سائبر کرائم وِنگ کیوں نوٹس نہیں لے رہا، عدالتیں اپنے معاملات میں فوری توہین کا نوٹس لیتی ہیں لیکن اراکین اسمبلیوں کی بھی عزت و وقار ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کو یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ فواد چوہدری نے لاہور میں شادی کی ایک تقریب کے دوران معروف اینکر پرسن مبشر لقمان کو تھپڑ رسید کردیا تھا۔
نجی ٹی وی چینل ’جیو‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ چوہدری فواد حسین نے مبشر لقمان کو لاہور میں صوبائی وزیر محسن لغاری کے بیٹے کے ولیمے کی تقریب میں تھپڑ رسید کیا۔

Leave a Reply

Back to top button